شاہ رخ خان اور اس کے اہلِ خانہ ہمیشہ ہدف بنیں گے: دوست کا بیان
ممبئی،اکتوبر۔بھارتی فلم پروڈیوسر وویک وسوانی اپنے دوست اداکار شاہ رخ خان کے حق میں بول پڑے۔ شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کو تکلیف نہیں دیتے اور نہ ہی انہیں ہدف بناتے ہیں، تاہم شاہ رخ خان اور اس کے اہلِ خانہ ہمیشہ ہدف بنیں گے۔میڈیا آؤٹ لیٹ سے باتے کرتے ہوئے وویک نے کہا کہ شاہ رخ خان ایک سیلیبریٹی ہے، اسی لیے وہ، ان کے اہلِ خانہ اور بچے ہمیشہ ان لوگوں کی جانب سے ہدف بنائے جائیں گے جنہیں شاہ رخ خان کی شہرت سے کوئی لینا دینا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں کچھ چیزوں کے بارے میں بہت واضح ہوں، شاہ رخ میرے دوست ہیں، اس کے بچے میرے بچوں کی طرح اور اس کے اہلِ خانہ میرے اہلِ خانہ کی طرح ہیں، میں ان کے ساتھ تب سے ہوں جب وہ سیلیبریٹی بھی نہیں تھے اور ہر نشیب و فراز میں ان کے ساتھ تھا اور ہمیشہ رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ لوگوں کو بچوں کو ہدف بنانا شروع کردینا چاہیے، چاہے انہوں نے کچھ غلط کیا ہو یا ان سے کوئی غلطی سرزد ہوئی ہو۔وویک کا کہنا تھا کہ ہم بچوں پر گھات لگا کر نہیں بیٹھتے، بچوں کو تکلیف نہیں پہنچاتے اور نہ ہی بچوں کو ہدف بناتے ہیں۔ خیال رہے کہ چند روز قبل بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات برآمدگی کیس میں انسداد منشیات کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے گرفتار کیا تھا۔اس سے متعلق یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ ان گرفتاریوں کے بعد این سی بی کو اس کیس کے تانے بانے ڈارک ویب اور بٹ کوائن سے بھی ملے ہیں۔