سیکورٹی خدشات کے سبب پاکستان- نیوزی لینڈ سیریز منسوخ
نئی دہلی ، ستمبر-پاکستان اور نیوزی لینڈ سیریز سیکورٹی خدشات کے باعث آج منسوخ کردی گئی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے 11 ستمبر کو پاکستان آئی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکورٹی کے لیے مکمل حفاظتی انتظامات کئے ہیں ۔ ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سیکورٹی انٹیلیجنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکورٹی کا خطرہ نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سیکورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا ۔نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلی جانی تھی، میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کوکھیلے جانے تھے۔اس کے علاوہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک پانچ ٹی 20 میچز بھی کھیلے جانے تھے۔