سوئٹزرلینڈ کے 36 امریکی لڑاکا طیارے خریدنے کے متنازع معاہدہ پر دستخط

برن،ستمبر۔سوئٹزرلینڈ نے پیر 19 ستمبر کو چھ بلین فرینک(6.2 بلین ڈالر) سے زیادہ کے 36 امریکی ایف 35 اے سٹیلتھ جنگی طیارے خریدنے کے متنازع معاہدہ پر دستخط کردئیے۔ہتھیاروں کی خریداری کے آپریشنز کے انچارج سوئس ایجنسی آرٹرمس نے بتایا کہ نیشنل آرمامنٹس کے ڈائریکٹر مارٹن سونڈریگر اور سوئس ایف تھرٹی فائیو اے پروگرام کے ڈائریکٹر ڈارکو سیوک نے معاہدہ پر دستخط کئے۔سوئس حکومت کی جانب سے جون 2021 میں ان طیاروں کے انتخاب کے باعث کچھ تنازعات شروع ہوگئے تھے۔ بالخصوص امریکہ میں اس پروگرام کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر تنقید کی گئی تھی۔تاہم سوئس پارلیمانی تحقیقات نے اس قسم کے جنگجو طیاروں کے انتخاب کے متعلق سوالات نہیں اٹھائے تھے۔سوئٹزرلینڈ میں حکومت اور پارلیمنٹ نے لڑاکا طیاروں کی خریداری کے معاملہ پر ریفرنڈم نہ کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس فیصلہ کی تائید میں کئی دستخط اکھٹے کرلئے گئے تھے۔ وجہ یہ بتائی جارہی تھی کہ طیاروں کے مینوفیکچرر ’’ لاک یڈ مارٹن‘‘ کی ڈیڈ لائین کو دیکھتے ہوئے ریفرنڈم کے لئے مطلوبہ وقت موجود نہیں ہے۔تاہم اس سب کے باوجود ستمبر 2020 میں ملک کے ووٹرز نے لگ بھگ چھ ارب فرینک سے یہ طیارے خریدنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ایف 35 لڑاکا طیارے 2027 اور 2030 کے درمیان سوئٹزر لینڈ کو فراہم کئے جائیں گے۔سوئٹزرلینڈ ان یورپی ممالک میں شامل ہوجائے گا جنہوں نے ان ملٹی رول جنگی طیاروں کا انتخاب کیا ہے۔ ان ملکوں میں بیلجیم، برطانیہ، ڈنمارک، فن لینڈ، اٹلی، یونان، جرمنی، نیدرلینڈز، ناروے اور پولینڈ شامل ہیں۔

 

 

Related Articles