سعودی عرب: دو لاکھ 99 ہزار عازمین حج مدینہ پہنچ گئے
مدینہ منورہ،جون۔سعودی وزارت حج اور عمرہ کے مطابق رواں سال حج کی ادائیگی کے لئے دو لاکھ 99 ہزار 911 عازمین حج بذریعہ فضائی اور بحری سفر مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔سعودی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق حج فلائٹوں کی شروعات سے اب تک مدینہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دو لاکھ 41 ہزار 859 اور 45 ہزار 824 عازمین زمینی بارڈر کراسنگ سے مدینہ پہنچے ہیں۔سعودی اعداد وشمار کے مطابق پاکستان سے چھ ہزار 954 عازمین مدینہ میں پہنچ چکے ہیں۔اس کے علاوہ سب سے زیادہ تعداد بنگلہ دیشی عازمین کی ہے جن کی تعداد 12 ہزار 901 ہے، ان کے بعد 10 ہزار 216 نائجیرین عازمین، آٹھ ہزار 350 بھارتی عازمین اور چھ ہزار 494 ایرانی عازمین شامل ہیں۔گزشتہ روز تک مدینہ سے مکہ جانیوالے عازمین حج کی تعداد دو لاکھ پانچ ہزار 49 ہے جبکہ 94 ہزار 837 عازمین ابھی تک مدینہ ہی میں موجود ہیں۔