زینت امان کے گانے کا میوزک معروف فون کمپنی کے نئے ماڈل کی لانچنگ میں
ممبئی ،ستمبر۔امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے حال ہی میں آئی فون 13کا نیا ماڈل متعارف کرایا جس کے فیچرز پر تو صارفین تبصرے کر رہے ہیں لیکن اس آئی فون کی لانچنگ کے حوالے سے بیک گراؤنڈ میوزک نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔یہ میوزک تھا مشہور فلم ’ہرے راما ہرے کرشنا‘ کے گانے ’دم مارو دم‘ کا جو زینت امان پر فلمایا گیا تھا۔ انٹرٹینمنٹ نیوز کی ویب سائٹ نے اس بارے میں زینت امان کے تاثرات جاننے کے لیے ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ’یہ فلم کھٹمنڈو میں شوٹ ہوئی تھی اور جب میں نے پہلی بار یہ گانا سنا تھا تو مجھے بے حد پسند آیا تھا لیکن مجھے یہ بالکل توقع نہیں تھی کہ اس قدر مقبول ہو جائے گا۔زینت امان جنہیں ’دم مارو دم گرل‘ بھی کہا جاتا ہے، نے بتایا کہ ’ہر کوئی آج بھی مجھ سے اسی گانے کے بارے میں بات کرتا ہے۔ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ ’ہرے راما ہرے کرشنا‘ کا 1971کا گانا اب بھی گونج رہا ہے۔ کیا کہنے!‘زینت امان ستر کی دہائی کی بولی وڈ کی مقبول اداکارہ ہیں۔ انہوں نے ’قربانی‘، ’یادو کی بارات‘، ’ہرے کرشنا ہرے راما‘ اور ’دم مارو دم‘ جیسی فلموں میں ادکاری کی ہے۔