جارحانہ انداز میں کھیلنا ہماری صلاحیتوں کے مطابق ہے: مورگن
ابوظہبی، ستمبر۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے کپتان ایون مورگن نے جمعرات کو یہاں آئی پی ایل۔14 کے 34 ویں میچ میں پانچ مرتبہ آئی پی ایل جیتنے والی ممبئی انڈینز پر زبردست جیت درج کرنے کے بعد کہا کہ ممبئی انڈین جیسی مضبوط ٹیم کو 155 پر روکنا اور بعد میں آسانی سے ہدف کو پورا کرنا ہمیں اعتماد دے گا۔ اس طرح کھیلنا ہماری صلاحیتوں کے مطابق ہے۔ مورگن نے بتایاکہ واپسی کرنے میں کافی وقت لگا۔ ہمارے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم ہمیں اس طرح کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں جس طرح ہم نے گزشتہ دو کھیلوں میں کرکٹ کھیلی ہے ، جب سے انہوں نے عہدہ سنبھالا ہے۔ بہت سارے باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی کے ساتھ وینکٹیش ایئر کو ہماری پلیئنگ الیون میں شامل کرنا مشکل رہا ہے۔ انہوں نے جس طرح سے رنز بنائے ہیں وہ لاجواب ہے۔ وہ پریکٹس میچوں میں بھی اسی طرح کھیلتے رہے ہیں۔ سنیل نارائن اور ورون چکرورتی دونوں شاندار بولر ہیں ، جب بھی نارائن نے مہلک بولنگ کی ہے ، وہ کے کے آر کی جیت کا لازمی حصہ رہے ہیں۔ ورون ایک نوجوان اور متحرک کھلاڑی ہے۔ دوسرے مرحلے کے پہلے دو میچ ہمارے لیے کھیلنے کے لیے مثالی رہے ہیں اور یہی ہمارے لیے پوائنٹس ٹیبل کو آگے بڑھانے کا واحد راستہ ہے۔