بیٹے کو کرینہ کا ہمشکل قرار دینے پر جیکی شروف نے ٹرولرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا
ممبئی،ستمبر۔بالی وڈ کے معروف اداکار ٹائیگر شروف کو اداکارہ کرینہ کپور کا ہمشکل قرار دینے پر اداکار جیکی شروف نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔جیکی شروف نے حال ہی میں میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں ان سے ٹائیگر پر ہونے والی تنقید سے متعلق پوچھا گیا۔اداکار نے اپنے بیٹے کی داڑھی نا ہونے پر کرینہ کپور سے موازنہ کرنے والے ٹرولرز کو کہا کہ ٹائیگر میرا بیٹا ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ اس سے توقع رکھیں کہ اس کی بھی داڑھی ہوگی، وہ ابھی بچہ ہے، میں خوش ہوں کہ میرا بیٹا وہ نہیں جو لوگ اسے بنانا چاہ رہے ہیں۔انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مطلب جیکی کا بچہ ہے تو کیا داڑھی کیساتھ پیدا ہوگا؟ میں تمام میمز اور ٹرولز پر ٹائیگر کے جوابات سے کافی محظوظ ہوا۔دوسری جانب ٹائیگر شروف نے بھی ارباز خان کے ویب شو میں خود پر ہونے والی تنقید پر بات کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیبیو کے وقت مجھے کافی ٹرولنگ کا سامنا ہوا، میرے چہرے کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا جاتا تھاکہ یہ ہیرو ہے یا ہیروئن؟ یہ بالکل جیکی کا بیٹا نہیں لگتا۔خیال رہے ٹائیگر شروف نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ہیروپنتی سے کیا تھا جس میں ان کے ہمراہ مرکزی کردار میں اداکارہ کریتی سینن تھیں۔