بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دینے پر شعیب اختر کا سہواگ کو جواب

کراچی،مئی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ کی جانب سے اپنے ایکشن کو غیر قانونی قرار دینے پر بھارتی اسٹار کو جواب دیا ہے۔شعیب اختر نے کہا کہ اگر وریندر سہواگ کو آئی سی سی سے زیادہ معلومات ہے تو الگ بات ہے ورنہ وریندر سہواگ کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔ان کا کہنا تھا کہ وریندر سہواگ کو میرا بولنگ ایکشن غیر قانونی لگتا ہو گا لیکن پاکستان بھارت میں ایسا کسی اور کو نہیں لگتا، میرا بولنگ ایکشن آئی سی سی نے کلیئر کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میری رائے وریندر سہواگ کے بارے میں مختلف ہے، سہواگ ایک بہترین کھلاڑی اور بھارت کے بہترین اوپنر رہے ہیں، میں عمر کے اس حصے میں ہوں جہاں اپنی رائے کا اظہار دیکھ بھال کر کرتا ہوں، نہیں چاہتا کہ میری رائے سے کسی کی دل آزاری ہو۔سابق اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ سہواگ عموماً ایسی باتیں کہہ جاتے ہیں لیکن میرے اچھے دوست ہیں، وریندر سہواگ کے الزامات میں نے نہیں سنے، میری ہمیشہ کوشش ہوتی تھی کہ آؤٹ کروں نہ کہ کسی بیٹر کو زخمی کروں۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اپنے بیانات سے بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر کروں، میں پاکستان کا قومی ہیرو ہوں اس لیے میرے بارے میں وریندر سہواگ سوچ سمجھ کر بولیں۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ مجھے ٹنڈولکر کے باپ باپ ہوتا ہے اور بیٹا بیٹا والے بیان کے بارے میں کچھ نہیں معلوم، بنگلا دیش کو بیٹا کہنا ایک غلط بیان ہے جسے سن کر دکھ ہوتا ہے۔

 

Related Articles