بنگلہ دیش کو راحت، دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے تسکین کی ٹیم میں واپسی

ڈھاکہ، جون۔بنگلہ دیش کے اہم تیز گیند باز تسکین احمد اور شریف الاسلام نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پریکٹس شروع کر دی ہے۔ دونوں گیندبازوں کو چوٹ کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہررکھاگیا ہے، لیکن انتظامیہ نے انہیں ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لئے ٹیم میں شامل کیا ہے۔ کرک بز کے مطابق، سری لنکا کے خلاف چٹوگرام ٹیسٹ کے دوران شریف الاسلام کلائی میں چوٹ کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ نہیں کھیل پائے تھے، لیکن انھوں نے ہفتہ سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ساتھ پریکٹس شروع کر دی ہے۔ شریف نے کرک بز کو بتایا، ’’آج میں نے گیندبازی شروع کردی ہے اورتقریباً چھ اوورگیندبازی کی۔ امید ہے کہ ایک ہفتے میں میں پوری طرح گیندبازی کرنے لگوں گا۔ شریف نے جہاں ہفتہ کو باؤلنگ شروع کی، وہیں تسکین نے یکم جون سے شروع کردی تھی۔تسکین جنوبی افریقہ دورے کے دوران کندھے کی انجری سے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے تھے کیونکہ ریکوری کے لئے ریہیب پروگرام سے گزررہے تھے۔ تسکین نے کہا کہ میں ایک دن میں چار اور دوسرے دن آٹھ اوور کر رہا ہوں اور فزیو کی ہدایات پر عمل کر کے وائٹ بال سیریز کے لیے تیار ہو رہا ہوں، مجھے اس وقت کوئی تکلیف محسوس نہیں ہو رہی اور میں ویسٹ انڈیز کے دورے سے پہلے اپنی پوری لے حاصل کرناچاہتاہوں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جون تک اینٹیگا میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 24-28 جون تک سینٹ لوشیا میں کھیلا جائے گا۔ پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب 2 اور 3 جولائی کو ڈومینیکا میں کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا ٹی 20 سات جولائی کو گیانا میں کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش -ویسٹ انڈیز تین ایک روزہ میچ بھی کھیلیں گے، جو10، 13 اور 16 جولائی کو گیانا میں ہوں گے۔

 

Related Articles