بمبئی ہائی کورٹ کا شویتا کے 5 سالہ بیٹے کو شوہر کے حوالے کرنے سے انکار
ممبئی،اکتوبر۔بھارتی ٹیلی ویڑن اور فلموں کی اداکارہ شویتا تیواری اور ان کے ناراض شوہر ابھینو کوہلی کے درمیان ان کے پانچ سالہ بیٹے کی کسٹڈی کے معاملے پر جاری عدالتی جنگ میں شویتا کو ایک بڑا ریلیف مل گیا، بمبئی ہائیکورٹ نے بچے کی کسٹڈی والد ابھینو کوہلی کو دینے سے انکار کردیا۔تاہم عدالت نے حکم دیا کہ ابھینو کوہلی ہر اختتام ہفتہ پر اپنے بیٹے سے دو گھنٹے تک ملنے جاسکیں گے اسکے علاوہ وہ روزانہ بچے کے ساتھ ویڈیو کالز پر گفتگو بھی کرسکیں گے۔عدالت کا کہنا تھا کہ ایک بچے کو ماں اور باپ دونوں کی ضرورت ہوتی ہے اسی لیے بچے کے والد کو بچے سے ہفتہ واری ملاقات اور روزانہ گفتگو کی اجازت دی گئی ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ اس کیس کے فریقین دونوں اداکار ہیں، لہٰذا یہ دونوں حقیقی زندگی میں بھی اپنے بیٹے کے بہترین مفاد میں کردار ادا کریں۔واضح رہے کہ شویتا اور ابھینو کوہلی نے جولائی 2013 میں شادی کی تھی اور 2016 میں ان کے بیٹے کی پیدائش کے کچھ عرصے بعد دونوں میں اختلافات پیدا ہوگئے تھے، جس کے بعد بچے کی حوالگی (کسٹڈی) کا کیس مختلف عدالتوں سے ہوتا ہوا اب بمبئی ہائی کورٹ پہنچا ہے۔