اٹلی کی کمپنی نے مشکلات میں پھنسے لوگوں کیلئے مددگار آئی کب روبوٹ تیار کرلیا
روم،جنوری۔اٹلی کی کمپنی نے آئرن مین کی خصوصیات والا روبوٹ بنایا ہے جو قدرتی آفات میں مشکل میں پھنسے افراد کو مدد فراہم کرے گا۔آئرن مین نامی روبوٹک کردار کو آپ نے اب تک فلموں میں دیکھا ہوگا جو مشکل سے مشکل حالات کا مقابلہ کرکے لوگوں کی مدد کرتا ہے، لیکن اب حقیقت میں ایسا روبوٹ تیار کرلیا گیا ہے جو مشکلات میں پھنسے انسانوں کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔اٹلی کی ایک ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ (آئی آئی ٹی) کی تخلیق کا نام آئی کب روبوٹ رکھا گیا ہے جس کا قد تقریبآ 5سال کے بچے کے برابر یعنی 3.4 فٹ ہے اور اس روبوٹ تخلیق میں 15 برس سے زائد کی محنت چھپی ہے۔یہ آئی کب قدرتی آفات میں ملبے پر چل کر یا مشکل خطوں میں اپنے پروپلڑن بیک پیک کو استعمال کرتے ہوئے پریشان حال لوگوں کی مدد کرے گا۔آئی کب کی ہتھیلیوں میں موجود روبوٹک سسٹم اسے اس قابل بناتے ہیں کہ یہ پروپلڑن راکٹوں کا استعمال کرکے فضا میں اڑتے وقت سمت اور پاور کو قابو میں رکھے۔اس روبوٹ کا چھوٹا قد اسے ان جگہوں تک لے جاسکتا ہے جہاں انسان یا ڈرونز پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش کے لیے نہیں جاسکتے۔انسٹیوٹ کے ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال 300 کے قریب قدرتی آفات آتی ہیں جن میں ہزاروں لوگ جان سے جاتے اورتقریباً 16 کروڑ لوگ متاثر ہوتے ہیں۔تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ روبوٹکس کی فیلڈ ان قدرتی آفات میں قابل قبول حل پیش کرنے کے اعتبار سے ابھی بھی کافی پیچھے ہیں۔