آپ کا درد ہمارا درد ہے،وشال ددلانی کا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی

ممبئی،جون۔بھارتی گلوکار وشال ددلانی نے انتہا پسند ہندووں اور مودی سرکار کے ظلم سہنے والے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔انڈیا ٹو دے کے مطابق بھارتی گلوکار وشال ددلانی کا مسلمانوں کیلئے نیک خواہشات اور جذبات کے اظہار یکجہتی کیلئے سوشل میڈیا پرخوب سراہا جا رہا ہے۔وشال ددلانی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میں اکثریت کی طرف سے بھارتی مسلمانوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کو دیکھا جاتا ہے سنا جاتا ہے پیار کیا جاتا ہے اور تعریف کی جاتی ہے آپ کا درد ہمارا درد ہے۔گلوکار نے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھاکہ آپ کی حب الوطنی پر کوئی سوال نہیں ہے، آپ کی شناخت ہندوستان یا کسی اور مذہب کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ ہم ایک قوم، ایک خاندان ہیں۔گلوکار وشال دادلانی نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ میں تمام ہندوستانیوں سے بھی یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے بھارتی سیاست کی بدصورت خصلت کے بارے میں واقعی افسوس ہے، جو ہمیں خوشی سے چھوٹے ، چھوٹے گروہوں میں تقسیم کردے گی، جب تک کہ ہم میں سے ہر ایک اکیلے نہ رہ جائے۔یہ سب ذاتی مفاد کے لیے کر رہے ہیں، عوام کے لیے نہیں،انہیں جیتنے نہ دیں۔

Related Articles