آریان کی حمایت میں ریتک کا خط
مافیا کے تمام پپو آریان کی حمایت میں آگئے، کنگنا رناوت
ممبئی،اکتوبر۔بالی ووڈ کی متنازع بیانات دینے کے حوالے سے معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے انڈسٹری کے ایک اور مشہور اسٹار ہریتھک روشن کی جانب سے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی حمایت میں ایک کھلا خط تحریر کرنے پر کہا ہے کہ مافیا کے تمام پپو آریان کی حمایت میں آگے آگئے ہیں۔یاد رہے کہ شاہ رخ کے بیٹے آریان کو اتوار کو ممبئی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گوا جانے والی کروز شپ میں ایک مبینہ منشیات استعمال کرنے والی پارٹی میں موجودگی پر گرفتار کرلیا تھا۔کنگنا نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک پیغام شیئر کیا ہے اور کہا ہے کہ آریان کی غلطی سے اس کو درستگی میں مدد تو کرنا چاہیے، لیکن معاف کرنا درست نہیں، اب تمام مافیا پپو ان کی مدد کو آگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم غلطیاں کرتے ہیں لیکن اس کو تعریف و توصیف کا حصہ نہیں بنانا چاہیے، مجھے پورا بھروسہ ہے کہ یہ معاملہ آریان کو یہ سکھائے گا کہ ہر عمل کا ایک نتیجہ ضرور نکلتا ہے اور یہی چیز اسے اچھا اور بہتر بنانے کے کام آئے گی۔کنگنا نے کہا کہ جب کوئی خطرات میں ہو تو اس پر سرگوشیاں تو ٹھیک نہیں لیکن یہ کہنا کہ تم نے کوئی غلطی نہیں کی مجرمانہ عمل ہوگا۔ واضح رہے کہ ہریتھک روشن نے اپنے خط میں آریان خان کی کیفیت بیان کرتے ہوئے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔