آریان کیس میں حمایت پر شاہ رخ نے شکریہ تک نہیں کیا، شتروگن سنہا

ممبئی ،جون۔بولی وڈ کو کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والے اداکار شتروگھن سنہا ان دنوں بولی وڈ کے کنگ یعنی شاہ رخ خان سے ناراض ہیں۔ اس بات کا انکشاف انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران کیا ہے۔ شتروگھن سنہا کی شاہ رخ خان سے ناراضگی اس لیے ہے کیونکہ آریان معاملے میں مکمل حمایت کے باوجود شاہ رخ خان نے ’شکریہ‘ کا ایک لفظ بھی نہیں کہا۔شتروگھن سنہا کا کہنا ہے کہ جب ڈرگز کیس میں آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا تو انھوں نے شاہ رخ کے بیٹے کی نہ صرف حمایت کی بلکہ ان کا دفاع بھی کیا تھا۔ اس کے بعد شاہ رخ نے ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک فون کال تک کرنا ضروری نہیں سمجھا۔ یاد رہے کہ آریان خان کو اب نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ڈرگز کیس میں کلین چٹ دے دی ہے۔ شتروگھن سنہا نے انٹرویو میں کہا کہ ’’ایک سرپرست کے طور پر میں نے شاہ رخ خان کا درد سمجھا۔ اگر وہ قصوروار بھی ہوتا تب بھی اسے ریہیب میں بھیجے جانے کی جگہ لاک اَپ میں بند کر دیا گیا۔ میں نے تب وہی کہا جو جائز تھا۔ لیکن مجھے شاہ رخ خان نے ایک تھینک یو کارڈ بھی نہیں بھیجا۔ جب کہ میں آریان کو جیل بھیجے جانے کے خلاف ممبئی میں آواز اٹھانے والوں میں سب سے آگے تھا۔ ‘‘شتروگھن سنہا نے انٹرویو کے دوران یہ بھی کہا کہ ’’میری ایک عادت ہے، جو جیسا ہے اسے ویسا بتاتا ہوں۔ میں ہمیشہ سچ کے ساتھ کھڑا رہتا ہوں۔ تب بھی میں نے وہی کیا تھا۔ مجھے لگا کہ وہاں ناانصافی ہو رہی ہے اور اس لیے میں نے آواز اٹھائی۔ جہاں تک شاہ رخ خان کا سوال ہے، تو انھوں نے مجھے نہ تو شکریہ کہا اور نہ ہی کوئی تھینک یو کارڈ ہی بھجوایا۔‘‘جب شتروگھن سنہا سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا انھوں نے اپنی طرف سے شاہ رخ خان سے بات کرنے کی کوشش کی؟ اس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’’نہیں، بالکل بھی نہیں۔ میں کیوں کروں، مجھے ان سے کام بھی نہیں چاہیے۔ مجھے ان سے رابطہ کرنے کی کیا ضرورت ہے۔‘‘

 

Related Articles