آریان خان کو کلین چٹ پر رام گوپال ورما کا ردعمل
ممبئی،مئی۔بالی ووڈ فلمساز رام گوپال ورما نے شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی کلین چٹ پر ردعمل دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق رام گوپال ورما نے کہا کہ آریان خان نے ایجنسیوں کو بے نقاب کردیا، وہ کس انداز میں معصوم لوگوں کو ہراساں کرتی ہیں۔این سی بی نے بالآخر 8 ماہ بعد کنگ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں کلین چٹ دے دی۔این سی بی افسر سنجے کمار سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ آریان خان کو کیس میں ثبوت کی کمی کے باعث کلین چٹ دی گئی ہے۔گزشتہ برس اکتوبر میں سامنے آئے معاملے کے بعد فلم انڈسٹری کے بہت سے لوگ آریان خان کی حمایت میں سامنے آئے تھے۔اس بار فلمساز رام گوپال ورما نے ردعمل دیا اور کہا کہ اس کیس کی خاص بات یہ ہے کہ اس سے ایجنسیوں کی نااہلی کا پردہ چاک ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیس آریان خان جیسے مشہور باپ کے بیٹے کا کیس تھا، لیکن اس سے یہ بات صاف ہوگئی کہ ایجنسیاں کس طرح بے گناہ اور عام لوگوں کو ہراساں کرتی ہیں۔اکتوبر 2021ء میں آریان خان پر منشیات رکھنے کا الزام لگایا گیا، وہ تقریباً 3 ہفتے تک جیل میں رہے، این سی بی نے اْن کی ضمانت کی درخواست کئی بار مسترد کروائی۔