آئرن بیم لیزر پرمبنی میزائل ڈھال کی لاگت فی ’روک‘ صرف 2 ڈالرہوگی:اسرائیل

تل ابیب،جون۔صہیونی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کہا ہے کہ لیزر پرمبنی فضائی دفاعی نظام، جسے اسرائیل دشمن کے راکٹوں اور ڈرونز کو بے اثر کرنے کے لیے اگلے سال سے نصب کرنے کی امید رکھتا ہے،کی قیمت صرف 2 ڈالر فی ’روک‘ ہوگی۔اسرائیل اس وقت مار گرانے کے دفاعی نظاموں پرانحصار کرتا ہے جو اس طرح کے میزائلوں اور راکٹوں کا سراغ لگانے کے لیے ہزاروں سے لاکھوں ڈالر کی لاگت کے حامل روک اور مارگرانے والے میزائل داغتے ہیں۔لیکن آئرن بیم سسٹم فضائی خطرات کو سْپرہیٹ اور غیر فعال کرنے کے لیے لیزر کا استعمال کرتا ہے۔اس کا ایک پروٹو ٹائپ گذشتہ سال منظرعام پر آیا تھا۔بینیٹ نے پیشین گوئی کی ہے کہ یہ 2023ء کے اوائل تک فعال ہوجائے گا۔انھوں نے اس نظام کو تیار کرنے والی سرکاری فرم رافیل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز کے دورے کے موقع پرکہا کہ ’’یہ کھیل کا پانسہ پلٹنے والا نظام ہے، نہ صرف اس لیے کہ ہم دشمن فوج پرحملہ کررہے ہوں گے بلکہ اس لیے بھی کہ اس کے ذریعے ہم اسے دیوالیہ کرنے والے ہیں‘‘۔فلسطینی مزاحمتی تنظیموں اور لبنانی حزب اللہ نے ماضی کی جنگوں میں اسرائیل پرہزاروں راکٹ اور مارٹر بم داغے تھے۔اسرائیل کے میزائل دفاعی نظاموں نے حالیہ برسوں میں ان ڈرونز کو بھی روکا ہے جن کے بارے میں اسے شْبہ ہے کہ انھیں ایرانی حمایت یافتہ جنگجوؤں نے اس کی سرحدوں کے قریب داغا تھا۔بینیٹ نے اپنے دفترکی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں کہا کہ ’’آج تک ہر راکٹ کو روکنے کے لیے ہمیں بہت زیادہ رقم خرچ کرنا پڑتی تھی۔ آج وہ (دشمن) ایک راکٹ میں ہزاروں ڈالرکی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں اور ہم اس راکٹ کو روکنے کے لیے بجلی پرصرف 2 ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے‘‘۔

Related Articles