اولمپک میں طلائی تمغہ کے فاتح کپتان چرن جیت سنگھ کا انتقال
نئی دہلی، جنوری ۔ہاکی کے عظیم کھلاڑی پدم شری اور ارجن ایوارڈ یافتہ چرنجیت سنگھ کا ہماچل پردیش کے اونا ضلع میں92 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ ہاکی انڈیا نے جمعرات کے روز ان کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا۔ چرنجیت سنگھ نے 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں تاریخی طلائی تمغہ جیتنے والی ٹیم انڈیا کی قیادت کی تھی۔ انہوں نے فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ وہ روم میں 1960 کے اولمپک کھیلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم انڈیا کا بھی حصہ تھے۔ 20 نومبر 1929 کو پیدا ہوئے، چرنجیت سنگھ کرنل براؤن کیمبرج اسکول، دہرادون اور پنجاب یونیورسٹی کے سابق طالب علم تھے۔ بین الاقوامی ہاکی میں اپنے شاندار کیریئر کے بعد، انہوں نے شملہ میں ہماچل پردیش یونیورسٹی میں فزیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا۔ہاکی انڈیا نے جون 2021 میں ٹوکیو اولمپک گیمز میں ہاکی انڈیا فلیش بیک سیریز کے لیے ان کا انٹرویو لیا تھا تو انھوں نے 1964 کے ٹوکیو اولمپکس کے دوران پاکستان کے خلاف فائنل کو یاد کیا تھا۔انہوں نے جذباتی انداز میں کہا، اس دوران دونوں ٹیموں کو مضبوط ترین ٹیموں میں شمار کیا جاتا تھا اور ان کے خلاف ہمارا مقابلہ بہت مشکل تھا۔ یہ بھی آپ جانتے ہیں کہ جب آپ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہیں تو یہ مقابلہ کتنا جذباتی ہوجاتا ہے۔ وہ بھی اولمپک فائنلز میں۔چرنجیت سنگھ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے، ہاکی انڈیا کے صدر گیانیندرو ننگوممب نے کہا، یہ ہاکی کمیونٹی کے لیے ایک افسوسناک دن ہے۔ اپنے بڑھاپے میں بھی، وہ ہر وقت ہاکی کے بارے میں بات کرتے تھے اور ہر عظیم لمحے کو یاد کرتے تھے ۔وہ ایک عظیم ہاف بیک تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی پوری نسل کو متاثر کیا۔ وہ بہت پرسکون کپتان تھے اور میدان میں ان کی ناقابل یقین مہارت اور میدان کے باہر ان کی شائستگی کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہاکی انڈیا کی جانب سے، میں ان کے خاندان کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔