انضمام الحق عارضہ قلب میں مبتلا،لگتا ہے انضی کے دل کو نظر لگ گئی
کراچی،ستمبر۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کی پیر کی شام لاہور کے ایک اسپتال میں کامیاب اینجوپلاسٹی کی گئی ہے۔ انہیں دل کی تکلیف کے باعث اسپتال لایا گیا تھا۔انضمام الحق کی طبیعت بہتر بتائی جاتی ہے لیکن ڈاکٹروں نے انہیں اپنی نگرانی میں رکھا ہے۔پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق کرکٹر کو گزشتہ تین روز سے سینے میں درد کی شکایت تھی اور ان کے ابتدائی ٹیسٹ درست تھے۔ پیر کو ان کے دل کی دھڑکن متاثر ہونے کا انکشاف ہوا جس کی وجہ سے فوری طور پر ڈاکٹروں نے انضمام کی سرجری کی۔پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر کی ناساز طبیعت پر ان کے ساتھی کرکٹرز اور پاکستان ٹیم کے موجودہ کھلاڑی بھی فکر مند ہیں۔سابق کرکٹر وسیم اکرم نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ "لگتا ہے انضی کے دل کو نظر لگ گئی ہے، اتنے پیارے دل والے شخص کے دل میں تکلیف پر وہ بہت فکر مند ہیں۔”وسیم اکرم نے انضمام کی فوری صحت یابی کے لیے دعا کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنا خیال رکھیں۔ پیارے انضی۔۔۔ تمہارا دل۔۔ اتنا پیارا دل۔۔ اسکو لگتا ھے نظر لگ گئی۔۔ بہت فکر ہوئی کہ اتنے پیارے دل والے کو تکلیف ہوئی ، دعا ہے کہ تم ٹھیک ھو کر جلد اپنے پیارے دل سے ہم سب کو اسی طرح خوش کرو گے جیسا تم ھمیشہ کرتے ھو۔ پیارے دوست اپنا خوب خیال رکھو۔ جلد ملتے ہیں !واضح رہے کہ انضمام الحق 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے اور ان کا شمار پاکستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے۔پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی انضمام کو حاصل ہے۔ انہوں نے 375 ون ڈے میچز میں 11 ہزار 701 رنز بنائے ہیں جب کہ 119 ٹیسٹ میچز میں انہوں نے 8829 رنز بنا رکھے ہیں۔انضمام نے 2007 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کیا جس کے بعد وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کئی اہم پوزیشن پر رہے۔انضمام نے پاکستان ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ خدمات انجام دیں جس کے بعد وہ 2016 سے 2019 تک چیف سلیکٹر بھی رہے۔انضمام الحق افغان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔سابق و موجودہ کرکٹرز کی جانب سے انضمام الحق کی ناساز طبیعت پر ان کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کہتے ہیں انضمام الحق مزاحمت کرنے والی شخصیت کے مالک ہیں ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ انضمام الحق کی جلد صحت یابی کے لیے بہت سی دعائیں۔ اللہ تعالی انہیں جلد صحت یاب فرمائے۔سابق کرکٹر راشد لطیف کہتے ہیں کہ شدید تکلیف کے باعث انضمام الحق کی دل کی شریان میں اسٹنٹس ڈالے گئے ہیں۔ ان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔ انضمالحق کے شدید تکلیف تھی اس وجہ سے اسٹنٹس ڈالے ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ انضی جلد از جلد صحت یاب ہو جائیں اور آپ سب سے بھی یہ ہی گزارش کہ انکی صحتیابی کے لیئے دعا کریں آمین۔فاسٹ بالر محمد عرفان نے کہا ہے کہ انضمام الحق کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں۔