’اسے کاٹ دو‘کین ولیمسن کہنی کی انجری سے مایوس

کرک انفو/آکلینڈ،فروری۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ اپنی کہنی کی انجری ٹھیک ہونے سے وہ اتنے مایوس ہیں کہ اْن کے بقول کئی مواقع پر اْن کے ذہن میں کہنی کٹوانے کا خیال آتا رہا ہے۔بلیک کیپس کے کپتان گزشتہ 15 ماہ سے کہنی کی انجریز کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز جب کہ بھارت کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے جب کہ جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ماہ شیڈول دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے بھی ولیمسن باہر ہو گئے ہیں۔انہیں طویل عرصے سے کہنی میں ہونے والی انجری کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ دنیائے کرکٹ کے ٹاپ بلے بازوں میں شمار کیے جانے والے ولیمسن کو کھیل سے دْوری نے مایوسی کا شکار کردیا ہے۔ اس بارے میں اپنی حالیہ گفتگو میں انہوں نے یہ تک کہہ دیا کہ وہ اس انجری سے اتنے تنگ ہیں کہ کئی مرتبہ وہ کہنی کٹوانے کے بارے میں بھی سوچ چکے ہیں۔کرکٹ ویب سائٹ ‘کرک انفو’ کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ وہ پراْمید تھے کہ رواں ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں وہ دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔ لیکن انجری سے نجات میں تاخیر کے باعث اب وہ یہ سیریز بھی نہیں کھیل سکیں گے۔ولیمسن کا کہنا ہے کہ وہ کہنی کی سرجری کے بجائے بحالی کے پروگرامز کے ذریعے اس انجری سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن اْن کے بقول یہ مایوس کن ہے کہ وہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ولیمسن کا کہنا تھا کہ اْنہوں نے کہنی کی انجری سے نجات کے لیے سچن ٹنڈولکر، اسٹیو اسمتھ اور انڈین پریمیئر لیگ میں اپنے ساتھی کھلاڑی منیش پانڈے سے بھی رہنمائی لی جو ماضی میں اس نوعیت کی انجری سے دوچار ہو ئے تھے۔اْن کا کہنا تھا کہ اس انجری سے نجات کا آخری حل سرجری ہی ہے لیکن وہ اس سے بچنا چاہتے ہیں۔طویل دورانیے کی کرکٹ سے دْور کین ولیمسن پراْمید ہیں کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز سن رائز حیدر آباد کے لیے دستیاب ہوں گے۔ سن رائز حیدر آباد نے کین ولیمسن کی خدمات 14 کروڑ بھارتی روپوں کے عوض حاصل کی ہیں۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اب تک 86 ٹیسٹ میچز میں 24 سینچریوں کے ساتھ سات ہزار 72 رنز بنا چکے ہیں جب کہ 151 ایک روزہ میچز میں 13 سینچریوں کے ساتھ چھ ہزار 173 رنز بنا چکے ہیں۔

 

Related Articles