شہزادہ اینڈریو کی نئی تصویر سے گیلین میکسویل کے ساتھ ان کے تعلق کی تصدیق
لندن ،فروری۔برطانوی اخبار "دی ٹیلی گراف” میں جمعے کے روز برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کے بیٹے شہزادہ اینڈریو کی ایک نئی اور خصوصی تصویر شائع ہوئی ہے۔ اس تصویر سے واضح ہوتا ہے کہ شہزادہ اینڈریو برطانوی خاتون گیلین میکسویل کو بہت قریب سے جانتے تھے۔گیلین ان دنوں امریکا میں جیل کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ ان کو نو عمر لڑکیوں کو جسم فروشی کے لیے تیار کرنے اور ان کی انسانی اسمگلنگ اور اس کی سہولت کاری کے الزامات میں مجرم پایا گیا تھا۔ شہزادہ اینڈریو گیلین سے اس حد تک واقف تھے کہ انہوں نے 2002ء میں "بکنگھم پیلس” آنے کی دعوت دی۔ یہ محل ملکہ الزبتھ دوم کا رہائش گاہ ہے۔ اس موقع پر شہزادے نے گیلین کا تعارف اپنی سابقہ گرل فرینڈ کے طور پر کرایا تھا۔سال 2002ء میں اس روز شہزادہ اینڈریو نے متعدد مشہور شخصیات کو مدعو کیا تھا۔ ان میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی مزاحیہ اداکار کیون اسپیسی شامل ہیں۔ حالیہ سامنے آنے والی تصویر میں شہزادہ اینڈریو اپنی انگلی سے گیلین میکسویل کی طرف اشارہ کر رہے ہیں جب کہ دائیں جانب پس منظر میں صدر کلنٹن دکھائی دے رہے ہیں۔دی ٹیلی گراف اخبار کے مطابق اْس روز بکنگھم پیلس کے دورے میں شامل ایک شخصیت نے بتایا کہ گیلین نے ہی ہم سب کو مرکزی دروازے سے لے کر اس جگہ تک پہنچایا جہاں ہمیں جانا تھا۔ اس سے تمام لوگوں کو یہ ہی تاثر ملا کہ گیلین اور شہزادہ اینڈرو کے بیچ تعلقات تھا۔