قومی اصول فلسطینی قوم کے لیے اولین ترجیح ہیں:اسماعیل ھنیہ
دوحا،جنوری۔اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کی اولین ترجیح فلسطینی قوم کے نصب العین کے بنیادی اصولوں کی حفاظت ، مسجد اقصیٰ اور القدس کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت نہ دکھانا ہے۔قطر سے نشریات پیش کرنے والے الجزیرہ ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ حماس کی دوسری ترجیح فلسطینی مزاحمت کو وسعت دینا اور اسے غزہ اور غرب اردن میں ترقی دینا ہے۔ایک سوال کے جواب میں اسماعیل ھنیہ نے حماس کی تیسری ترجیح کے باریمیں بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت کی تیسری ترجیح فلسطینی دھڑوں میں مصالحت، تنظیم آزادی فلسطین کے ڈھانچے کی تشکیل نو، جامع سیاسی پروگرام کی تشکیل، حق واپسی اور انسداد یہودی آباد کاری کے حوالے سے جامع حکمت عملی کی تیاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو فلسطینیوں کے حق واپسی کیساتھ سمجھوتا کرنے کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت کی چوتھی ترجیح اسرائیلی دشمن کی قید سے فلسطینی اسیران کی رہائی کے لیے جدو جہد ہے۔ اس وقت القسام بریگیڈ کے ہاں چار اسرائیلی فوجی جنگی قیدی ہیں۔ جلبوع جیل سے فرار ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار کئے گئے چھ فلسطینی بھی ہماری مجوزہ قیدیوں کی فہرست میں شامل ہوں گے جن کی رہائی کسی ڈیل کی صورت میں ہوگی۔