ملک کی سلامتی کے لئے پولیس کی خدمات ناقابل فراموش:وزیرداخلہ تلنگانہ محمد محمود علی
حیدرآباد,اکتوبر۔۔تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے ملازمین پولیس کو بھرپورخراج پیش کیا۔انہوں نے شہر حیدرآباد کے گوشہ محل اسٹیڈیم میں منعقدہ یوم شہیدان پولیس میں شرکت کی۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی سلامتی کے لئے پولیس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ فرائض کی انجام دہی کے دوران 377 پولیس ملازمین شہید ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ان پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں گنوائیں۔وزیرداخلہ نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران ریاست تلنگانہ میں 62 پولیس ملازمین کی موت ہوئی جن میں 10 ہوم گارڈ زبھی شامل ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کورونا کے دوران مرنے والے پولیس ملازمین کے خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کو کم کرنے کے لیے سی سی ٹی وی نصب کیے گئے ہیں،نئے پولیس اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیں۔ خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ان کی مدد کے لیے بھروسہ سنٹرس قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پچھلے سات سالوں میں کوئی فرقہ وارانہ تصادم کے واقعات پیش نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حالیہ بونال اور رمضان کے تہوار پرامن طریقے سے منعقد ہوئے۔