متاثرین کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح: یوگی

لکھنؤ، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کی صبح ‘جنتا درشن میں لوگوں کے مسائل سنے اور حکام کو ان کے فوری اور تسلی بخش حل کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت ‘نر سیوا – نارائن سیوا کے جذبے سے عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ ایسے میں حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر متاثرہ شخص کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اپناتے ہوئے اس کے مسئلے کا حل یقینی بنائیں۔ جنتا درشن کے دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ خود لوگوں کے درمیان پہنچے اور ایک ایک کر کے ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے فریادیوں کی درخواستیں متعلقہ حکام کے سپرد کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کا حل نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
زمینوں پر غیر قانونی قبضے اور کمزور لوگوں کو اجاڑنے کی شکایتوں پر وزیر اعلیٰ نے حکام کو سخت ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی قبضہ کرنے والوں اور کمزور لوگوں کو پریشان کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہ جائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگرزمین جائیداد سے متعلق تنازع خاندانی ہے تو متعلقہ فریقوں کو بٹھا کر باہمی بات چیت کے ذریعے حل نکالنے کی کوشش کی جائے۔ وہیں، ریونیو اور پولیس سے متعلق امور کا تصفیہ مکمل شفافیت اور غیر جانب داری کے ساتھ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے حکام سے کہا کہ جو لوگ کسی وجہ سے حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ اٹھانے سے محروم ہیں، انہیں ان اسکیموں کا فائدہ دلایا جائے۔ انہوں نے حکام کو متاثرین کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اختیار کرنے اور ہر ممکن مدد یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
جنتا درشن کے دوران وزیر اعلیٰ کا ایک الگ انسانی روپ بھی دیکھنے کو ملا۔ اپنی ماں کے ساتھ آئے ایک بچے سے وزیر اعلیٰ نے محبت سے بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر معصوم بچہ مسکرانے لگا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اسے چاکلیٹ دی تو بچہ خوشی سے کھل کھلا اٹھا اور فوراً چاکلیٹ لے لی۔ وزیر اعلیٰ اور بچے کے درمیان ہونے والی اس پیار بھری بات چیت نے وہاں موجود لوگوں کے چہروں پر بھی مسکراہٹ بکھیر دی۔

Related Articles