سری نگر میں ایک رہائشی اور تجارتی مرکز میں لگی آگ
سرینگر، : سرینگر کے مصروف ترین علاقے کرننگر میں واقع تین منزلہ رہائشی و تجارتی عمارت، جس میں ‘میر سیلز کارپوریشن قائم ہے، میں لگنے والی شدید آگ پر اتوار کی صبح تقریباً 7 بجے قابو پا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرینگر کے مصروف ترین علاقے کرننگر میں میڈی کیئر اسپتال کے سامنے واقع اس عمارت میں ہفتے کی رات گئے آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد احتیاطی تدبیر کے طور پر قریبی اسپتال سے مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 12 فائر اسٹیشنز اور تقریباً 20 فائر سروس کی آگ بجھانے والی گاڑیاں تعینات کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کے اس آپریشن میں اسکائی لفٹس یعنی اونچائی تک پہنچنے والی کرین فوم ٹینڈرز ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں اور ایڈوانسڈ ریسکیو ٹیمیں شامل تھیں۔
حکام کے مطابق، عمارت کے اندر بڑی مقدار میں روئی اور دیگر آتش گیر مواد موجود ہونے کی وجہ سے ‘کولنگ آپریشن یعنی عمارت کو ٹھنڈا کرنے کا عمل فی الحال جاری رکھا گیا۔دریں اثنا، سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں سرینگر پولیس کے اہلکاروں کو میڈی کیئر اسپتال سے مریضوں کو منتقل کرنے میں مدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس ٹیم کی جانب سے بروقت کارروائی کرنے پر انہیں سراہا گیا۔حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کی حد کا تعین ہونا ابھی باقی ہے، اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔ وہیں، کشمیر پولیس سربراہ سجیت کمار نے آگ بجھانے والی ٹیموں کی معاونت کرنے پر سری نگر پولیس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، بہت خوب، ٹیم سری نگر ضلع پولیس سری نگر نے کرن نگر میں میڈی کیئر ہسپتال کے قریب لگی آگ پر قابو پانے میں فائر فائٹنگ ٹیموں کو بھرپور تعاون فراہم کیاانہوں نے اس کارروائی میں شامل تمام اہلکاروں کے باہمی تعاون، فوری ردعمل اور قابلِ ستائش کوششوں کی بھی تعریف کی۔غور طلب ہے کہ سردیاں شروع ہونے کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں آگ لگنے کی وارداتوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اعلی افسران نے لوگوں کو سردیوں میں احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے تاکہ اپنے اثاثے کو آگ سے بچایا جاسکے۔




