ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے معاملے میں 3 ملزمان کوٹا سے گرفتار،

7 گولیاں چلیں، ڈرائیور اور رکشہ ڈرائیور زخمی

 

ممبئی، ۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پیر کو بتایا کہ فلم اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے معاملے میں ممبئی پولیس نے راجستھان کے کوٹا سے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق ملزمان اتوار کی رات فائرنگ کے بعد سورت چلے گئے تھے، جہاں سے وہ پون-جے پور ٹرین میں سفر کررہے تھے۔ ممبئی پولیس کی اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس کو اس کی اطلاع ملی، جسے راجستھان پولیس کے ساتھ مشترک کیا گیا۔ اس کے بعد کوٹا پولیس کے تعاون سے تینوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ممبئی پولیس انہیں شہر لانے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کررہی ہے، جس کے بعد انہیں جلد ممبئی لاکر مزید تفتیش کی جائے گی۔تحقیقات کرنے والے پولیس افسر کے مطابق اتوار کو نامعلوم حملہ آوروں نے جوہو کے پشپا پارک کے قریب ٹائیگر شروف کی کار پر 7 راؤنڈ فائرنگ کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ حملہ آور وہاں تقریباً 45 منٹ انتظار کرتے رہے۔ ٹائیگر شروف اپنی کار کی طرف آرہے تھے کہ حملہ آوروں نے گولیاں چلادیں۔ 5 گولیاں نشانے سے چوک گئیں، جبکہ باقی 2 میں سے ایک ان کے ڈرائیور اور دوسری ایک رکشہ ڈرائیور کو لگی۔ ٹائیگر شروف کو صرف خراشیں آئیں۔ پولیس افسر نے بتایا کہ ایک ملزم کا پستول اچانک پھنس جانے سے اس سے گولی نہیں چل سکی۔
اس سلسلے میں جوہو پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کے لیے 15 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اندھیری سے ضبط کی ہے، جس پر ممبئی کا رجسٹریشن نمبر درج ہے۔ ٹیم نمبر پلیٹ اور رجسٹریشن کی تفصیلات کی مدد سے موٹر سائیکل کے سابقہ ریکارڈ کی جانچ کررہی ہے۔ پولیس حملہ آوروں کی نقل و حرکت اور فرار کے راستے کا سراغ لگانے کے لیے جائے وقوع سے اندھیری اسٹیشن تک کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

Related Articles