وزیراعلیٰ یوگی کی ہدایت کے بعد باغپت میں الرٹ

ڈی ایم اور ایس پی نے رات میں سڑکوں پر اتر کر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا

باغپت، ۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے درگا پوجا پنڈالوں کی حفاظت کے سلسلے میں دی گئی ہدایات کے بعد باغپت میں پولیس اور انتظامیہ الرٹ ہوگئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ دیویانشو پٹیل اور پولیس سپرنٹنڈنٹ پورنیندو سنگھ نے رام نومی اور وجے دشمی کے پیش نظر رات کے وقت پولیس فورس کے ساتھ باغپت شہر میں پیدل گشت کیا۔ اس دوران افسران نے امن و قانون کی صورت حال کا جائزہ لینے کے ساتھ درگا پوجا پنڈالوں کا معائنہ بھی کیا۔
گشت کے دوران ڈی ایم اور ایس پی نے درگا پوجا پنڈال میں پوجا ارچنا کی اور عقیدت مندوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ تہواروں کو پُرامن، خوش گوار اور باہمی بھائی چارے کے ماحول میں منائیں۔ ساتھ ہی پولیس اہلکاروں کو حفاظتی انتظامات برقرار رکھنے اور ہر وقت چوکس رہنے کی ہدایت دی۔افسران نے درگا پوجا پنڈالوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات، داخلے اور اخراج کے راستوں اور بجلی کے نظام کی جانچ کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ متعلقہ افسران سے کہا گیا کہ وہ خود موقع پر موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتیں۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں درگا پوجا کے دوران پیش آئے حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تمام پولیس کمشنروں، ضلع مجسٹریٹوں اور پولیس سپرنٹنڈنٹوں کو درگا پوجا پنڈالوں میں حفاظت کے پختہ انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔وزیر اعلیٰ نے افسران سے کہا ہے کہ وہ خود پنڈالوں میں پہنچ کر آگ سے بچاؤ کے انتظامات کا معائنہ کریں۔ داخلے اور اخراج کے راستوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور ہنگامی صورت حال میں لوگوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالنے کے لیے مناسب تعداد میں ایمرجنسی ایگزٹ کا انتظام کیا جائے۔انہوں نے پنڈالوں میں بجلی کے نظام کی بھی جانچ کرانے اور کسی بھی قسم کی لاپروائی سے بچنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو فیلڈ میں رہ کر انتظامات کی نگرانی کرنے کو کہا ہے۔ان ہدایات کے بعد باغپت میں پولیس اور انتظامیہ نے تہواروں کے دوران حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ عقیدت مندوں کی سلامتی یقینی بنانے کے ساتھ تمام تہوار پُرامن ماحول میں منعقد کرانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

Related Articles