وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اے آئی آئی بی کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کے لیے دوحہ پہنچیں

نئی دہلی، مرکزی وزیر خزانہ اور کارپوریٹ امور نرملا سیتا رمن پیر کو دوحہ پہنچیں۔ حماد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر میں ہندوستان کے سفیر سریکر کوپولا نے سیتا رمن کا استقبال کیا۔ مرکزی وزیر خزانہ اگلے دو دنوں میں دوحہ میں ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی 11 ویں سالانہ میٹنگ اور اے آئی آئی بی انویسٹرز ڈائیلاگ-2026 میں شرکت کریں گی۔
وزارت خزانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس پر کہا کہ دورے کے دوران سیتا رمن 28 ستمبر سے دوحہ میں منعقد ہونے والی ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے بورڈ آف گورنرز کی 11 ویں سالانہ میٹنگ میں شرکت کریں گی۔ وہ اے آئی آئی بی کے صدر اور اردن، سوئٹزرلینڈ، الجزائر، سعودی عرب اور نیپال کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گی۔
وزارت نے کہا کہ آئی آئی بی کی سالانہ میٹنگ میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک میں ہندوستان کی گورنر کے طور پر شرکت کریں گی۔ ہندوستان بینک کا دوسرا سب سے بڑا شیئر ہولڈر ہے۔ اس کے علاوہ، سرکاری دورے کے تحت، وزیر خزانہ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ حکومت قطر کی قیادت سے ملاقات کریں گی اور قطری کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں سے بات چیت کریں گی۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن وزارت خزانہ کے عہدیداروں کے ایک وفد کے ساتھ دوحہ میں اے آئی آئی بی اور اے آئی آئی بی انویسٹرز ڈائیلاگ 2026 کی 11 ویں سالانہ میٹنگ میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر ہیں۔

 

Related Articles