وزیر خارجہ جے شنکر کا سعودی عرب کا دورہ مکمل

ریاض، ستمبر۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ پیر کے روز اختتام پذیر ہوا۔ڈاکٹر جے شنکر نے اتوار کی دیر شام جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو آئندہ 23 ستمبر کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر تہنیتی خط شہزادہ محمد بن سلمان کے حوالے کیا اور انہیں جلد از جلد ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔قبل ازیں ڈاکٹر جے شنکر نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہند-سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے فریم ورک کے تحت سیاسی، سلامتی، سماجی اور ثقافتی تعاون (PSSC) کی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔دونوں وزراء نے سیاسی، تجارتی، توانائی، سرمایہ کاری، دفاعی، سلامتی اور ثقافت سمیت تمام شعبوں کے دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے فوڈ سکیورٹی، ہیلتھ کیئر، فارماسیوٹیکل، دفاعی صنعت اور تفریح جیسے متعدد شعبوں کی نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے کثیرجہتی تنظیموں بالخصوص جی 20 میں دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر جے شنکر نے گزشتہ ہفتہ کے روز خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح مبارک سے ملاقات کی اور ہند-جی سی سی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور جی سی سی کے درمیان مشاورت کے طریقہ کار سے متعلق مفاہمت نامہ پر بھی دستخط کیے۔سعودی عرب کے اپنے دورے کے دوران، ڈاکٹر جے شنکر نے ہندوستانی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی برادری سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے پرنس سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ آف ڈپلومیٹک اسٹڈیز میں ایک انٹرایکٹو سیشن میں سینئر سعودی حکام، ماہرین تعلیم اور مستقبل کے سعودی سفارت کاروں سے بھی خطاب کیا۔

 

Related Articles