واشنگٹن میں سولیون سے ملاقات میں تعلقات کی مضبوطی پر بات چیت ہوئی : خالد بن سلمان
واشنگٹن /ریاض،مئی۔ سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے واشنگٹن میں امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون سے ملاقات کی۔ دونوں شخصیات کے درمیان سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت ہوئی۔آج بدھ کے روز اپنی ٹویٹ میں شہزادہ خالد نے بتایا کہ امریکی ذمے دار کے ساتھ گفتگو میں مملکت اور امریکا کے مشترکہ تعلقات زیر بحث آئے۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات اور دونوں ملکوں کے بیچ تعاون اور رابطہ کاری مضبوط بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں امریکا میں سعودی عرب کی خاتون سفیر شہزادہ ریما بنت بندر بن سلطان ، یمن کے لیے سعودی سفیر محمد بن سعید آل جابر ، وزیر دفاع کے عسکری مشیر میجر جنرل انجینئر طلال بن عبداللہ العتیبی کے علاوہ سعودی نائب وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر ہشام بن عبدالعزیز بھی موجود تھے۔اس موقع پر امریکا کی جانب سے قومی سلامتی کونسل میں مشرق وسطی اور شمالی افریقا کے امور کے رابطہ کار بریٹ میک گورک بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ شہزادہ خالد بن سلمان اپنے وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچے تھے۔