کار حادثے کے بعد ملائکہ کی پہلی پوسٹ

ممبئی،اپریل۔گزشتہ ہفتے کار حادثے میں زخمی ہونے والی بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا صحت یاب ہو رہی ہیں اور اب انہوں نے اپنے مداحوں، ڈاکٹروں، دوستوں اور اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔ اداکارہ گزشتہ ہفتے کو پونے میں ایک فیشن ایونٹ سے واپسی کے دوران ایک حادثے میں زخمی ہو گئی تھیں، اْنہیں ماتھے پر معمولی چوٹیں آئیں اور انہیں ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ملائکہ اروڑا انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ کچھ دن اور سامنے آنے والے واقعات کافی ناقابل یقین ہیں، اس کے بارے میں سوچنا کسی فلم کے سین کی طرح محسوس ہوتا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد، میں نے محسوس کیا، جیسے کہ میں بہت سارے محافظ فرشتوں کی دیکھ بھال سے گھری ہوئی تھی، چاہے وہ میرا عملہ ہو، وہ لوگ جنہوں نے مجھے اسپتال پہنچنے میں مدد کی، میرا خاندان جو اس آزمائش میں میرے ساتھ کھڑا رہا اور اسپتال کا حیرت انگیز عملہ۔اپنے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملائکہ اروڑا نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ میرے ڈاکٹروں نے ہر قدم پر انتہائی احتیاط کے ساتھ میری حفاظت کو یقینی بنایا، انہوں نے مجھے فوری طور پر محفوظ محسوس کروایا اور میں اس کے لیے بہت شکر گزار ہوں۔اْنہوں نے کہا کہ جو میرے دوستوں، خاندان، میری ٹیم اور میرے انسٹا فیم کی طرف سے پیار ملا ہے وہ بہت ہی تسلی بخش تھا۔ملائکہ اروڑا نے کہا کہ ہمیشہ ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جو آپ کو پیار اور نیک تمناؤں سے نوازتے ہیں، ایک وقت میں آپ کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔آخر میں اْنہوں نے مزید کہا کہ میں اب صحت یاب ہونے کے راستے پر گامزن ہوں اور میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ میں ایک فائٹر ہوں۔

Related Articles