آشرم انڈر پاس 22مارچ سے کھلے گا: سسودیا

نئی دہلی، مارچ ۔ دہلی کے نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے پیر کو کہا کہ آشرم چوک پر جاری انڈر پا س کی تعمیر کا کام اب اپنے آخری مرحلہ میں ہے جو 15دن کے اندر مکمل ہوجائے گا اور یہ انڈر پاس 22مارچ سے ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔مسٹر سسودیا نے پیر کو پی ڈبلیو ڈی کے حکام کے ساتھ آشرم انڈر پاس کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد کہاکہ کورونا لاک ڈاون کی وجہ سے گزشتہ برس آشرم انڈر پاس کی تعمیر کا کام کئی مرتبہ روکنا پڑا۔ اس سے انڈر پاس کا کام مکمل ہونے میں تاخیر ہوئی ہے لیکن اب انڈر پاس کی تعمیر کا کام اپنے آخری مرحلہ میں چل رہا ہے اور پندرہ دن کے اندر مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ 22مارچ سے اس انڈر پاس کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا جس سے روزانہ لاکھوں لوگوں کو فائدہ ہوگا۔مسٹر سسودیا نے حکام کے ساتھ آشرم فلائی اوور اور پرگتی میدان سے نظام الدین کے درمیان چل رہے انڈر پاس کے کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو تیزی سے تعمیراتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ لوگ جلد ان راستوں کا استعمال کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی او، رنگ روڈ، سنٹرل سکریٹریٹ، انڈیا گیٹ، سنٹرل دہلی جانے کے لئے روزانہ لاکھوں لوگ ان راستوں کا استعمال کرتے ہیں۔ اس کا خیال رکھتے ہوئے جلد ہی یہ تعمیراتی کا م مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آشرم فلائی اوور کا تعمیراتی کام اگست تک اور دہلی حکومت اور مرکزی حکومت کے تعاون سے بن رہا پرگتی میدان انڈر پاس مئی مہینہ تک مکمل ہوجائے گا۔

Related Articles