گنگا کی آبی سطح میں کمی کے باعث بیاڈا گھاٹ کے قریب ایک ہفتے سے پھنسا ہےجہاز ، نکالنے کی کوششیں جاری

بھاگلپور، ۔ بہارکے بھاگلپورضلع میں بیاڈا گھاٹ کے قریب گنگاندی کی سطح آب میں اچانک کمی کے باعث ایک جہاز گزشتہ ایک ہفتے سے پھنسا ہوا ہے۔ پانی کی سطح کم ہونے کے سبب جہازریت میں دھنس گیا ہے، جس کی وجہ سے اس کی نقل و حرکت مکمل طور پر رک گئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی آبی راستوں کی اتھارٹی اورمقامی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ جہاز کو بحفاظت نکالنے کے لیے مسلسل کارروائی کی جا رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، جہازپربھاری مقدار میں سامان لدا ہواتھا۔ بیاڈا گھاٹ کے قریب گنگا کی سطح آب اچانک کم ہونے سے جہاز کا نچلا حصہ ریت میں دھنس گیا، جس کے بعد وہ وہیں پھنس کررہ گیا۔گزشتہ سات دنوں سے جہاز کے کپتان اورعملے کے ارکان اسے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم جہازکے زیادہ وزن اور پانی کی کمی کے باعث اب تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ حکام کے مطابق جہاز کو نکالنے کے لیے اب ڈریجنگ کے ذریعے ریت ہٹانے کا کام کیا جا رہا ہے، تاکہ جہاز کے اردگرد پانی کی گہرائی بڑھائی جاسکے۔ اس کے علاوہ طاقتورٹگ بوٹس کی مدد سے جہازکوکھینچ کرباہرنکالنے کی کوشش بھی جاری ہے۔انتظامیہ کو امید ہے کہ اگر گنگا کی سطح آب میں کچھ اضافہ ہوتا ہے یا ڈریجنگ کا کام تیزی سے مکمل کرلیا جاتا ہے توآئندہ ایک سے دو دنوں میں جہازکو بحفاظت نکالا جا سکتا ہے۔اس واقعے کے پیش نظرگنگا کے اس آبی راستے پردیگر بڑے جہازوں کی آمدورفت میں بھی احتیاط برتی جا رہی ہے، تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے

Related Articles