بھارتی وکٹ کیپر رشب پنٹ نے دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا
سنچورین،دسمبر۔بھارت کے وکٹ کیپر بیٹر رشب پنٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رشب پنٹ نے جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں کھیلے جا رہے پہلے میچ میں جب میزبان ٹیم کے ٹمبا بوواما کا کیچ کیا تو وہ سب سے کم ٹیسٹ میچز میں 100 شکار کرنے والے بھارتی وکٹ کیپر بن گئے۔رپورٹس کے مطابق بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 100 شکار کرنے کا کارنامہ اپنے 36 ویں ٹیسٹ میں انجام دیا تھا جبکہ رشب پنٹ نے یہ سنگ میل اپنے 26 ویں ٹیسٹ میں سرانجام دیا۔اس کے علاوہ بھارت کے 23 سالہ رشب پنٹ مہندرا سنگھ دھونی، سید کرمانی، کرن مورے، نیان مونگیا اور وریدھیمن ساہا کے بعد بھارت کے چھٹے وکٹ کیپر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 100 شکار کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔یاد رہے کہ مہندرا سنگھ دھونی بھارت کے ٹیسٹ کے سب سے کامیاب وکٹ کیپر ہیں جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 294 شکار کیے ہیں۔