ورلڈ کپ جیت کر قوم کو بڑی خوشی فراہم کریں گے: آصف علی

دبئی،اکتوبر۔پاکستانی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے کہا ہے کہ شاداب خان کے شاٹ پر جان بوجھ کر سنگل نہیں تھا اور مجھے یقین تھا کہ میں اس اوور میں میچ ختم کر سکتا ہوں۔اپنے ویڈیو پیغام میں آصف علی نے کہا کہ میں سوچ رہا تھا کہ ہم کتنے خوش قسمت ہیں کہ ہم نے ان حالات میں پاکستانی قوم کو خوشی فراہم کی لیکن ہمیں اصل خوشی ورلڈ کپ جیت کر ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ جیسے ہی گیند بلے پر آئی تو چاہے کتنی ہی بڑی باؤنڈری کیوں نہ ہو، میں چھکا مار لوں گا۔شاداب کی گیند پر سنگل رن نہ لینے کے حوالے سے جارح مزاج بلے باز نے کہا کہ شاداب کے شاٹ پر سنگل جان بوجھ کر نہیں لیا تھا، میں نے دیکھا تھا کہ شاداب میری طرف غصے میں آرہا ہے لیکن میں اس کے پاس جا کر ادھر ادھر دیکھنے لگ گیا تھا تاکہ وہ مجھ سے کوئی بات نہ کہے۔انہوں نے کہا کہ شاداب نے دو مرتبہ مجھ سے پوچھا بھی کہ میں نے سنگل کیوں نہیں لیا تو میں نے بہانہ کردیا کہ باؤلر میرے سامنے آ گیا تھا جس کی وجہ سے گیند کا پتا نہیں چلا۔نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف لگاتار چھکے مار کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے والے بلے باز نے کہا کہ میں نے منصوبہ بنا لیا تھا کہ یہ اوور مجھے ہی کھیلنا ہے اور جانتا تھا کہ اگلے اوور میں میچ ختم کرسکتا ہوں۔انہوں نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ہم ورلڈ کپ جیت کر قوم کو اس سے بھی بڑی خوشی فراہم کریں گے۔آصف علی نے کہا کہ میں دو تین سال سے پاکستانی ٹیم میں کھیل رہا ہوں لیکن جو چیز اس وقت ہماری ٹیم میں ہے اور ٹیم جس طرح متحد ہے، ایسے پہلے کبھی نہ تھی، سب لڑکے ایک دوسرے کی کارکردگی سے خوش ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف جارحانہ بیٹنگ سے پاکستان کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرانے والے آصف علی افغانستان کے خلاف بھی شاندار بیٹنگ سے پاکستانی ٹیم کو فتح دلائی تھی۔افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات سے دوچار تھی اور اسے میچ میں فتح کے لیے آخری دو اوورز میں 24 رنز درکار تھے۔تاہم آصف علی نے ایک ہی اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں فتح سے ہمکنار کرا دیا تھا اور مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔

Related Articles