سنجے دت کی معروف انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا شکیل سے مبینہ فون کال کی آڈیو لیک

ممبئی،فروری۔بالی ووڈ سٹار سنجے دت کی انڈرورلڈ کے معروف ڈان چھوٹا شکیل کے ساتھ مبینہ فون کال کی آڈیو لیک ہو کر منظرعام پر آ گئی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق 3منٹ 55سکنڈ کی یہ آڈیو ٹیپ ٹوئٹر ہینڈل @FilmyKhichdiiپر پوسٹ کی گئی ہے، جس میں سنجے دت انڈرورلڈ ڈان چھوٹا شکیل کو ایک اور انڈرورلڈ ڈان ابو سلیم کی شکایت لگا رہے ہوتے ہیں۔ابو سلیم نے بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کو فون کال کرکے دھمکیاں دی تھیں، جس کے بعد سنجے دت نے چھوٹا شکیل سے مذکورہ فون کال میں اس کی شکایت کی اور انہیں ابو سلیم کی ان حرکتوں کا سدباب کرنے کو کہا۔ سنجے دت آڈیو میں ابو سلیم کو’چِکنا‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ وہ آڈیو میں اداکارہ پریتی زنٹا اور سنجے لیلا بھنسالی کا بھی ذکر کرتے ہیں۔وہ دبئی سے چِپ (سم کارڈ)حاصل کرنے کے لیے بھی کہتے ہیں اور ایک اور اداکار کی بھی نام لیے بغیر شکایت کرتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ اداکار گوندا ہیں جن کے متعلق سنجے دت چھوٹا شکیل سے بات کر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق پریتی زنٹا کی طرف سے چھوٹا شکیل پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اداکارہ سے بھتہ طلب کیا ہے۔ پریتی نے پولیس کو اس معاملے کی رپورٹ کی تھی اور چھوٹا شکیل کے خلاف گواہی بھی دی تھی۔ سنجے دت اور چھوٹا شکیل آڈیو ٹیپ میں پریتی کے متعلق اس حوالے سے گفتگو کر رہے ہوتے ہیں۔چھوٹا شکیل سنجے دت سے کہتے ہیں کہ ’’میں نے کبھی کسی عورت سے بھتہ نہیں لیا۔ وہ کیسے مجھ پر الزام لگا سکتی ہے۔ وہ میرے ساتھ کام کر رہی ہے اور میں نے اسے پیسے دیئے ہیں۔ اب کیسے ہو سکتا ہے کہ میں اسے دھمکی دے کر وہی پیسے واپس لے لوں۔‘‘رپورٹ کے مطابق بہت سے لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ آڈیو ٹیپ میں آواز سنجے دت کی ہے اور ان کی یہ فون کال 2000ء میں ممبئی پولیس نے ریکارڈ کی تھی۔ٹوئٹر ہینڈل @samikm_2003کے ذریعے ایک ذیلی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فون کال ناشک میں واقع تاج ہوٹل سے کی گئی تھی، جو ممبئی پولیس نے ریکارڈ کی، یہ وہ دور تھا جب ’مشن کشمیر‘ ریلیز ہونے جا رہی تھی اور اس فلم کے ڈسٹری بیوشن کے حقوق کو لے کر کچھ تنازعہ چل رہا تھا۔

Related Articles