فرسٹ الیون سے باہر ہونیوالے رونالڈو ٹیم کے بینچ پلیئرز کیساتھ ٹریننگ میں شامل نہ ہوئے

دوحہ،دسمبر۔قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف پرتگال کی فرسٹ الیون سے باہر ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو آج ٹیم کے Substitutes( متبادل یا بینچ پلیئرز) کے ساتھ ٹریننگ میں شامل نہ ہوئے۔منگل کو لوسیل کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی فرسٹ الیون کا حصہ نہ بنے، 14 برس اور 31 میچوں کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ رونالڈو اپنے ملک کی جانب سے میچ میں اْترنے والی پہلی پلیئنگ الیون میں شامل نہ تھے۔اْن کی جگہ گونکیلو ریموس کو کھلایا گیا جنہوں نے لیجنڈ کھلاڑی کی کمی محسوس نہیں ہونے دی اور تین گول کر کے جاری ورلڈ کپ میں پہلی ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑی بنے۔ پرتگال نے سوئٹزرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔فرسٹ الیون سے باہر ہونے والے رونالڈو کے بارے میں امید کی جارہی تھی کہ وہ آج ٹیم کے متبادل کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔تاہم ہسپانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کے بینچ پلیئرز کے ساتھ ٹریننگ میں شامل ہونے کے بجائے ٹیم کے اہم کھلاڑی جو فرسٹ الیون کا حصہ ہوتے کے ہمراہ جم چلے گئے۔رپورٹس کے مطابق پرتگال کے کیمپ نے اعتراف کیا کہ وہ رونالڈو کے بینچ پلیئرز کے ساتھ ٹریننگ میں شامل نہ ہونے پر حیران ہیں۔ پرتگال کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ نے قطر میں اپنے اسکواڈ کی ٹریننگ کی تصاویر اپ لوڈ کیں، جس میں ٹیم کے متبادل کھلاڑی جیسے رافیل لیو، روبن نیوس اور جواؤ ماریو، کو ٹریننگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا اس میں رونالڈو کہیں نظر نہیں آئے۔ تاہم بعد ازاں ایک اور تصویر اپ لوڈ کی گئی جس میں کرسٹیانو رونالڈو کو میدان میں الگ ٹریننگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔واضح رہے کہ رونالڈو نے جنوبی کوریا کے خلاف ٹیم کے آخری گروپ میچ کے دوران مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو اپنے ہونٹوں پر انگلی رکھ کر خاموش رہنے کا اشارہ کیا تھا جس پرپرتگال ٹیم کے منیجر نے رونالڈو کے رویے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا اور ممکنہ طور پر یہی وجہ تھی کہ انہیں ٹیم کی فرسٹ الیون میں شامل نہیں کیا گیا۔میچ کے بعد رو نالڈو نے واقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک کھلاڑی انہیں جلدی سے نکلنے کا کہہ رہا تھا جس پر انہوں نے صرف جواب دیا، میں نیصرف اسے چپ رہنے کو کہا تھا۔ہفتے کو کوارٹرفائنل میں پرتگال کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔

Related Articles