لارڈز ٹیسٹ میں بیٹرز کی زندگی اجیرن، پہلے روز 17 وکٹ گرگئے
لارڈز،جون۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں افتتاحی روز بولرز نے بیٹرز کی زندگی اجیرن کردی۔ صرف 248رنز پر 17 وکٹیں گرگئیں۔ جمعرات کو میچ کے پہلے روز جیمز اینڈرسن اور ڈیبیوٹینٹ میتھیو پوٹس کی تباہ کن بولنگ کے سبب نیوزی لینڈ ٹیم پہلی اننگز میں 132رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم صرف 45رنز پر7کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ آٹھویں وکٹ کے لیے کولن ڈی گرینڈ ہوم اور ٹم ساؤتھی نے 41رنز کا اضافہ کیا۔ گرینڈ ہوم 42 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ٹم ساؤتھی 26، ٹام بلنڈیل اور ٹرینٹ بولٹ 14،14اور ڈیرل مچل 13رنز بناکر نمایاں رہے۔ اعجاز پٹیل 7، کائل جیمیسن 6، ڈیوون کونوے 3، کپتان کین ولیمسن 2 جبکہ ٹام لیتھم اور ول ینگ ایک ایک رنز بناسکے۔ جیمز اینڈرسن اور ڈیبیوٹینٹ میتھیو پوٹس نے 4،4 جبکہ کپتان بین اسٹوکس اور اسٹورٹ براڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں ہوم سائیڈ نے کھیل ختم ہونے پر سات وکٹ پر 116رنز بنائے تھے۔ زیک کرالی 43اور الیکس لیز 25نے ٹیم کو59رنز کا آغاز دیا اس کے بعد تباہی شروع ہوگئی۔ ٹم سائوتھی، ٹرینٹ بولٹ اور کائل جیمی سن نے دو دو کٹ لیے۔