خصوصی پوزیشن کے خاتمے کے بعد کہیں پر بھی عوام کی زندگیوں میں بہتری نہیں آئی: عمر عبداللہ
جموں،مئی۔ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے اتوار کے روز کہا کہ ”خصوصی پوزیشن کے خاتمے کے بعد گذشتہ اڑھائی سال میں جموں وکشمیر کے اندر کہیں پر بھی عوام کی زندگیوں میں بہتری نہیں آئی، جس بہتری کے اعلانات کئے گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ 5 اگست 2019 سے پہلے جو غریب تھا وہ آج بھی غریب ہے، جو آرام سے دو وقت کی روٹی کماتا تھا اُس کے لئے آج اپنے کنبے کی کفالت کرنا مشکل ہوتا جارہاہے۔“ان باتوں کا اظہار موصوف نے سرنکوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیاعمر عبداللہ نے کہا کہ ”آپ کشمیری پنڈتوں کا ہی حال دیکھئے،جو کشمیری پنڈت بھائی بی جے پی کے سوا کسی اور جماعت کی طرف دیکھتے بھی نہیں تھے، یہاں تک ہمارے تقریبات میں شامل ہوتے تھے لیکن ووٹ دینے وقت صاف صاف کہتے تھے کہ ہم آپ کو ووٹ نہیں دینگے ، ہمارا ووٹ بی جے پی اور مودی جی کیلئے ہے، کیا حال ہوااُن کا؟انہوں نے کہاکہ ایک پنڈت نوجوان کو چاڈورہ میں دفتر میں گھس کر گولی مار کر قتل کردیا گیااور جب پنڈت برادری کے لوگ اس اقدام کیخلاف اپنے غم و غصے اور حکومت سے جواب طلب کرنے کیلئے پُرامن احتجاج کرنے لگے تو ان پر لاٹھی چاری ، ٹیئر گیس اور طاقت کا بے تحاشہ استعمال کیاگیا،اُن کے گھروں کے باہرفورسز کی ٹرکیں لگائی گئیں، جو پہلے صرف ہمارے ساتھ ہو تا تھا۔مسٹر عمر کے مطابق ان لوگوں (بھاجپا کی مرکزی سرکار) نے کسی ساتھ انصاف نہیں کیا ہے“۔این سی نائب صدر نے کہا کہ ”ہم جب کہتے تھے کہ نیشنل کانفرنس ہی واحد جماعت ہے جو ان طاقتوں کو روکتی ہے، ہم جب کہتے تھے اگر دفعہ 370اور 35اے کو بچاکر رکھنا ہے تو پھر نیشنل کانفرنس مضبوط رکھنا ضروری ہے تو ہم یہ سب اقتدار حاصل کرنے کیلئے نہیں کہتے تھے ، ہم یہ اس لئے کہتے تھے کیونکہ ہمیں معلوم تھا کہ جموں وکشمیر کے ازلی دشمن کیسی چالیں چل رہے ہیں اور کیسے حربے اپنا کر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، ہمیں جس بات کا ڈر تھا آخر وہ سچ ثابت ہوا۔اُن کے مطابق اگر 5اگست 2019 ممکن ہوا تو وہ اس لئے ہوا کیونکہ نیشنل کانفرنس کمزور ہوئی۔اگر ہم کمزورنہیں ہوئے ہوتے تو یہ حال نہیں ہوا ہوتا۔“عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ زرعی اصلاحات کے ذریعے جموں وکشمیر کی بیشتر آبادی زمینوں کے مالک بن گئے تھے ، اگر دفعہ370اور ہمارا اپنا آئین نہیں ہوتا تو یہ تاریخ اقدام ممکن نہیں ہو پاتا لیکن آج ڈر یہ ہے کہ ہماری زمینیں ہماری نہیں رہیں گی۔ ان لوگوں کو یہ برداشت نہیں کہ جموں و کشمیر کے عوام کے پاس اپنی زمینیں رہیں اور یہ اس کیخلاف بھی سازشیں رچا رہیں ہیں۔ لیکن انشاءاللہ ہم ان کی کوششوں کو پوری طریقے سے ناکام کردیں گے،انہوں نے بتایا کہ ہم جموں وکشمیر کو اپنا درجہ واپس دلاکر ہی دم لیں گے اور جموں کشمیر کے عوام کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں تعمیر و ترقی کا دور واپس لانے میں بھی کامیاب ہونگے۔عمر عبداللہ کہا کہ آج بھی ہمیں آپس میں لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے،جہاں باقی ملک میں ہندو اور مسلمان کو لڑوانے کی کوشش کی جاتی ہیں وہیں جموں وکشمیر میں مسلمان کو مسلمان سے لڑایا جارہاہے، ہم میں فرق پیدا کیا جارہاہے اور ہم میں دشمنی بڑھائی جارہی ہے، زیرویشن کے نام پر ہم میں تفرقہ ڈالا جارہا ہے ہمیں ایسی سازشوں سے ہوشیار رہنا چاہئے نہیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔عمر عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے 1983میں اُسی وقت مرکزی حکومت سے مطالبہ کیاتھا کہ گوجروں کیساتھ ساتھ پہاڑیوں کو بھی ایس ٹی کا درجہ دیا جائے اور اس بارے میں تمام لوازمات بھی پورے کئے لیکن مرکزی حکومت نے یہاں بھی لیت و لعل کی پالیسی اپنائی ۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ایس ٹی کا درجہ ہمارے حد اختیار میں نہیں تھا لیکن اس کے بعد میری حکومت کے دوران ہم نے اسمبلی کے آخری سیشن میں پہاڑیوں کیلئے 4 فیصد اور او بی سی کیلئے ایک فیصد ریزرویشن کا بل منظور کیا اور اسے گورنر کے پاس منظوری کیلئے بھیج دیا جس کے فوراً بعد الیکشنوں کا انعقاد ہوا اور بھاجپا و پی ڈی پی کی حکومت معرض وجود آئی۔انہوں نے کہاکہ جو بھاجپا والے آج پہاڑیوں کو لبھانے کیلئے ایس ٹی درجہ دلانے کی باتیں کررہے ہیں اُن بھاجپا والوں نے 2015سے لیکر آج تک گورنر ہاؤس میں پڑی اُس فائل کو منظور کرانے کی زہمت گوارا نہیں کی جس میں پہاڑیوں کو 4 فیصد ریزرویشن کو قانونی ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل سے منظوری دی گئی تھی۔