فاصلاتی تعلیم میں ہنر پر مبنی اور روزگار کے قابل کورس شروع کیے جائیں : مشرا
جے پور، فروری ۔ راجستھان کے گورنر اور چانسلر کلراج مشرا نے کہا ہے کہ فاصلاتی تعلیم کے ذریعے ایسے روزگار کے قابل کورسز اور پیشہ ورانہ کورسز کرائے جانے چاہئیں تاکہ طلباء خود کفالت کی طرف راغب ہوں۔مسٹر مشرا آج یہاں گورنر ہاؤس سے وردھمان مہاویر اوپن یونیورسٹی کوٹا کے کانووکیشن کی تقریب سے آن لائن خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی اور صنعتی ترقی کو ہنر مند انسانی وسائل سے ہی یقینی بنایا جا سکتا ہے اس لیے ہنر مندی پر مبنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے ریاست کی تمام یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ قومی تعلیمی پالیسی کی دفعات پر کام کریں تاکہ طلباء کے ساتھ ساتھ صنعت کو بھی نئے انسانی وسائل کا فائدہ مل سکے۔انہوں نے بتایا کہ اطلاعاتی انقلاب اور انٹرنیٹ کی وجہ سے فاصلاتی تعلیم آسان ہو گئی ہے۔ ورچول کلاس روم لرننگ، انٹرایکٹو آن سائٹ لرننگ اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے طلباء اپنے گھر سے آرام سے بہتر تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وردھمان مہاویر اوپن یونیورسٹی کوٹا کو ٹیکنالوجی پر مبنی تدریس اور آن لائن لرننگ کے میدان میں ریاست کی دیگر یونیورسٹیوں کے لیے ایک معیاری یونیورسٹی کے طور پر کام کرنا چاہیے۔