یوپی بورڈ امتحان16فروری سے

لکھنؤ:فروری۔اترپردیش سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ(یوپی بورڈ) کا سالانہ امتحان کا آغاز 16فروری سے ہوگا۔بورڈ کے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے امتحان کے لئے ساری تیاریاں کی تکمیل کے ساتھ ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے نقل سے پاک امتحان کے انعقاد کے لئے نقل کرنے والوں کے خلاف این ایس اے کے تحت کاروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔آفیشیل ذرائع نے منگل کو بتایا کہ حکومت نے ریاست میں نقل سے پاک امتحان کرانے کے لئے سخت اقدام کئے ہیں۔ امتحان میں نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے پر این ایس اے کی کاروائی ہوسکتی ہے۔ ساتھ ہی نقل میں شامل کمرے کے نگراں اور سنٹر منتظمین کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی جائے گی۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بورڈ کے امتحانات کے حوالے سے پہلی بار افسران کو ہدایت دی کہ ڈی ایم کی جانب سے ہر ایک امتحانی مرکز پر اسٹیٹک مجسٹریٹ اور سیکٹر مجسٹریٹ کو نامزد کیا جائے گا۔ وہ امتحان ختم ہونے کے بعد ڈی ایم کے ساتھ ڈسٹرکٹ کالج انسپکٹر کو رپورٹ کریں گے تاکہ یومیہ کی سرگرمیوں کی جانکاری ہوسکے۔یوگی نے ہدایت دی ہے کہ امتحان کی کاپیوں کی سخت نگرانی کے لئے پہلی بار پرنسپل کمرے سے الگ اسٹرانگ روم بنایا جائے۔ ساتھ ہی کاپیوں کو ڈبل لاک الماری میں رکھا جائے اور اس کی مانیٹرنگ 24گھنٹے سی سی ٹی وی سے کی جائے۔ سبھی اضلاع میں روم انسپکٹروں کی تعیناتی کے بعد امتحان سےپہلے ان کو سخت تربیت دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں تعینات سیکٹر مجسٹریٹ، اسٹیٹک مجسٹریٹ، سنٹر منتظمین اور بیرونی سنٹر منتظمین کو بھی تربیت دی جانی چاہیے۔ وہیں امتحان میں روکاوٹ ڈالنے و نظام کو متاثر کرنے والوں پر گینگسٹر ایکٹ کے تحت سخت کاروائی کی جائے اور ان کی ملکیت ضبط کی جائے۔وزیر اعلی نے ہدایت دی کہ جوابی بیاض کی سیکورٹی کے لئے پرنسپل دفتر کی جگہ ایک الگ سے اسٹرانگ روم بنایا جائے۔ ان کی سی سی ٹی سی نگرانی کے ساتھ دو مسلح پولیس اہلکاروں کی 24گھنٹے تعیناتی کی جائے۔ امتحانی مراکز پر وائس سے لیس سی سی ٹی وی، ڈی وی آر، راؤٹر ڈیوائس اور ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ کنکشن لگائے جائیں۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کے ڈبل لاک اسٹرانگ روم سے سوالناموں کے سیلڈ باکس کو بند گاڑی میں امتحانی مراکز کے ڈبل لاک الماری میں رکھنے کے دوران تین اراکین، سنٹر منتظم،بیرونی سنٹر منتظم اور اسٹیٹک مجسٹریٹ کے سامنے اسے سیل کیا جائے۔ ساتھ ہی سوال نامہ کھولتے وقت بھی تینوں کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔اس با ر یوپی بورڈ کے ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ امتحان کے لئے 58لاکھ 85ہزار 745 طلبہ نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ ان میں ہائی اسکول کے 31لاکھ 16ہزار 487امیدوار شامل ہیں جبکہ انٹر میڈیٹ کے 27لاکھ 69ہزار 258 طلبہ امتحان میں بیٹھیں گے۔وہیں امتحان کے لئے ریاست میں 8ہزار سات سو53 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جس میں 540 سرکاری، 3523امداد یافتہ اور 4690غیر امدا یافتہ کالج شامل ہیں۔

 

Related Articles