یوپی:کسانوں کو مفت بجلی فراہم کریں گے:شاہ

فیروزآباد:فروری۔وفاقی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو عوام سے یوپی میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کو دوبارہ موقع دینے کی اپیل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بی جے پی حکومت کسانوں کو مفت بجلی فراہم کرے گی۔یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا’ہمیں پانچ سالہ حکمرانی کو ایک اور موقع دیں اور کسانوں کو بجلی بل کی ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوگی۔کسانوں کے لئے آنے والے پانچ سالوں تک مفت بجلی کی سہولیت دستیاب کرائی جائے گی۔ہم ہر 12پاس طالبہ کو اسکوٹی دیں گے، کالجوں میں داخلے لینے والے ہر طالب علم کو لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فون دئیے جائیں گے۔سماج وادی پارٹی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سماجی‘عنصر صرف اس کے نام میں شامل ہے بصورت دیگر اس کا فورمولہ ہے دولت جمع کرو اور حکمرانی میں اپنے کنبے کے لوگوں کو مقام دو۔شاہ نے کہا’ایس پی کا سماج واد صرف نام کے لئے ہے۔اس کا صرف دو فارمولہ ہے۔’ایس‘ کا مطلب’سمپتی اکٹھا کرو‘(دولت جمع کرو) ور’پی‘کا مطلب’پریوار والوں کو ستا دینا‘(کنبے کے اراکین کو حکمرانی میں جگہ دینا)۔ایس پی کی سابقہ میعاد میں اس کے کنبے کے 45افراد حکومت میں تھے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے بہت ہی زیادہ بدعنوانی کی ہے اور جب سماج وادی عطر کاروباری کے یہاں چھاپے ماری کی گئی ان کے قبضے سے نوٹوں کے بنڈلس ملے۔ایسے میں سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ کے پیٹ میں درد ہوا اورچھاپے ماری پر ہی سوال کھڑا کردیا۔میں ان سے سوال کرنا چاہتا ہوں آیا جورقم برآمد کی گئی کیا وہ ان کی تھی؟شاہ نے کہا کہ اکھلیش کا منتر ہے کہ دولت جمع کرو اور بیرون ممالک چھٹیوں پر نکل جاؤ جبکہ بی جے پی کا منتر ہے ٹیکس جمع کرو اور غریبوں کے مفا دمیں کام کرو۔آپ تمام کو ان دونوں میں سے انتخاب کرنا ہے۔انہوں نے کہا بی جے پی غریب، دلت اور پسماندہ طبقات کے لئے اقتدار چاہتی ہے جبکہ ایس پی اور بی ایس پی ایک خاص ذات کا فائدہ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا جب ایس پی اور بی ایس پی کے ہاتھوں میں اقتدار آیا کرتا تھا وہ ایک مخصوص ذات کے لئے ہی کام کرتے تھے۔لیکن جب مودی اور بی جے پی اقتدار میں آئے انہوں نے’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘کا نعرہ دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اترپردیش کے دو مراحل کی ووٹنگ نے اس بات کو واضح کردیا ہے کہ بی جے پی مکمل اکثریت کے ساتھ اقتدار میں واپس آرہی ہے۔

Related Articles