یمن: القاعدہ کے حملے میں سکیورٹی بیلٹ کے 21 جنگجواور 6 انتہا پسند ہلاک

عدن،ستمبر ۔ یمن کی جنوبی گورنری ابین میں القاعدہ کی یمنی شاخ کے حملے کے بعد لڑائی میں سکیورٹی بیلٹ نامی نیم سرکاری گروپ کے اکیس جنگجو اور چھے انتہاپسند حملہ آور ہلاک ہوگئے ہیں۔یمنی حکومت اورسکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روزجزیرہ نما عرب میں القاعدہ (اے کیو اے پی) نے ابین میں سکیورٹی بیلٹ گروپ کے زیرقبضہ ایک ٹھکانے پرحملہ کیا تھا۔اس کے بعد قریباً تین گھنٹے تک ان کے درمیان جھڑپ جاری رہی ہے۔ایک سرکاری عہدہ دار نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس لڑائی میں سکیورٹی بیلٹ کے ایک افسر سمیت 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور القاعدہ کے چھے جنگجومارے گئے ہیں۔دو سکیورٹی ذرائع نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔القاعدہ اور نیم سکیورٹی فورسز کے درمیان ابین میں یہ تازہ لڑائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یمنی حکومت اور حوثی ملیشیا کے درمیان برسوں سے جاری مسلح آویزش کے بعد جنگ بندی جاری ہے۔واضح رہے کہ یمن ستمبر 2014 میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیاکے دارالحکومت صنعاء پرقابض ہونے کے بعد سے تنازعات کی لپیٹ میں ہے۔حوثیوں کی بیخ کنی اوریمن میں ان کے زیرقبضہ علاقے واگزار کرانے کے لیے 2015ء میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت میں عرب اتحاد نے فوجی مداخلت کی تھی۔یمن میں بدامنی کے عرصے کے دوران میں القاعدہ کی شاخ جزیرہ نماعرب میں القاعدہ اوراس کے نظریاتی حامی جنگجو گروپ داعش کوبھی قدم جمانے کا موقع مل گیا تھا۔القاعدہ نے توجنوبی یمن میں واقع دوصوبوں میں مختصر وقت کے لیے اپنی عمل داری بھی قائم کرلی تھی۔

Related Articles