یاسر عرفات پاکستانی ٹیم کے نئے بولنگ کوچ ہوں گے
لاہور،فروری۔ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسر عرفات پاکستانی ٹیم کے نئے بولنگ کوچ ہوں گے اور وہ مکی آرتھر کے اسسٹنٹ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں گے۔مکی آرتھر کی عدم موجودگی میں یاسر عرفات پاکستانی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے سربراہ کی خدمات بھی انجام دیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے مستقبل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے مکی آرتھر کی خدمات حاصل کرنے کی ٹھان لی ہے، اگرچہ مکی آرتھر انگلش کاؤنٹی ڈاربی شائر کے ساتھ وابستہ ہیں۔نجم سیٹھی سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی منتخب ٹیم کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات دیکھنے اور چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔اس حوالے سے نجم سیٹھی نے مکی آرتھر جو اس وقت انگلینڈ میں موجود ہیں، ان کو اختیارات تفویض کیے ہیں کہ وہ اپنی مرضی کا کوچنگ اسٹاف رکھ کر پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے معاملات کو آگے بڑھائیں۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس تناظر میں 54 سال کے مکی آرتھر نے پاکستانی ٹیم کے نئے بولنگ کوچ کے لیے 40 سال کے یاسر عرفات کا انتخاب کرلیا ہے۔یاسر عرفات نے حال ہی میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے لیول فور اسپیشلسٹ کوچ کی ڈگری حاصل کی ہے۔یاسر عرفات نے گزشتہ کرکٹ بورڈ میں کوچنگ میں دلچسپی ظاہر کی تھی تاہم انہیں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان نے کوئی مؤثر جواب نہیں دیا تھا۔راولپنڈی میں 12 مارچ 1982 کو پیدا ہونے والے یاسر عرفات نے فروری 2000 سے ستمبر 2012 تک پاکستان کے لیے 3 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔