ہنگامہ آرائی کے باعث لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

نئی دہلی، فروری۔ لوک سبھا میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے جمعرات کو ایل آئی سی اور پبلک سیکٹر کے بینکوں میں عام لوگوں کے پیسہ ڈوبنے کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی ۔ایک بار کے التوا کے بعد جیسے ہی 2 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن جماعتوں کے ارکان ایوان کے وسط میں آگئے اور ہنگامہ شروع کر دیا اور ہنڈن برگ کی رپورٹ کے پیش نظر ایوان کے اجلاس میں اس معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان پریزائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے ضروری کاغذات میز پر رکھے۔ صدر کے خطاب پر بحث شروع ہونے سے پہلے ہی ارکان نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے اراکین پر زور دیا کہ صدر دروپدی مرمو کے پہلے خطاب پر بحث کی جائے، لیکن ہنگامہ کرنے والے اراکین نے ان کی بات نہیں سنی۔ پریزائیڈنگ آفیسر نے ارکان سے بارہا اپیل بھی کی کہ وہ ایوان کو چلنے دیں لیکن ان کی ایک بھی نہیں سنی گئی اور جب ہنگامہ آرائی جاری رہی تو انہوں نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی۔

Related Articles