ہنوما وہاری اور ابھیمنیو ایشورن ڈھاکہ پریمیئر لیگ میں کھیلیں گے

ڈھاکہ، مارچ۔ ہنوما وہاری، ابھیمنیو ایشورن سمیت سات ہندوستانی کھلاڑی بنگلہ دیش کے لسٹ اے (50 اوور) ٹورنامنٹ ڈھاکہ پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) میں حصہ لیں گے۔ ان میں پرویز رسول، بابا اپراجیت، اشوک منیریا، چراغ جانی اور گورندر سنگھ کے نام شامل ہیں۔ فروری 2022 میں ہونے والی آئی پی ایل کی بڑی نیلامی میں ان کھلاڑیوں کو نہیں خریدا گیا تھا۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ لینے والے ہنوماوہاری ڈھاکہ روانہ ہونے سے قبل اپنے گھر حیدرآباد جائیں گے اورخاندان کے ساتھ کچھ وقت گزاریں گے۔ وہ ابھانی لمیٹڈ کے لیے کھیلیں گے اور اس ہفتے کے آخر تک ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔ تاہم وہ ٹیم کے پہلے تین میچوں میں نہیں کھیل سکیں گے۔ بنگال کے فرسٹ کلاس کپتان ایشورن بھی ہندوستانی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تھے۔ وہ پرائم بینک کے لیے کھیلیں گے۔ جبکہ رسول شیخ جمال دھنمنڈی، اپراجیت روپ گنج ٹائیگرز، منیریا کھیلا گھر، جانی لیجنڈز آف روپ گنج اور گورندر غازی گروپ کرکٹرز کے لیے کھیلیں گے۔ وہاری، ایشورن، اپراجیت، منیریا اور رسول اس سے قبل 2019-20 کے سیزن میں بھی ڈی پی ایل میں کھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ دنیش کارتک، منوج تیواری اور یوسف پٹھان بھی ڈی پی ایل میں حصہ لے چکے ہیں۔ اس سیزن میں ایک ٹیم میں ایک غیر ملکی کھلاڑی کھیل سکتا ہے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے محمد حفیظ محمڈن اسپورٹنگ اور زمبابوے کے سکندر رضا شائن پوکور کے لیے کھیلیں گے۔ پچھلے سال کووڈ کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ کو 20 اوور کی لیگ میں تبدیل کر دیا گیا تھا تاکہ کھلاڑیوں کو ٹی20 ورلڈ کپ 2021 سے قبل کچھ پریکٹس بھی مل جائے۔ گزشتہ سال کسی بھی ٹیم میں کوئی غیر ملکی کھلاڑی نہیں تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں 11 ٹیمیں حصہ لیں گی اور راؤنڈ رابن فارمیٹ کی بنیاد پر آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹاپ چھ ٹیمیں ٹورنامنٹ کے سپر لیگ میں جائیں گی اور دوبارہ ایک دوسرے سے بھڑیں گی۔ اس کے بعد ناک آؤٹ مقابلے کھیلے جائیں گے۔

 

Related Articles