ہندوستان کبھی بھی ہندو ملک نہیں بنے گا

مودی اور شاہ عوام کو بھٹکانے کاکام کررہے ہیں:ہنمنت راو

حیدرآباد جون۔کانگریس کے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راو نے واضح کیا کہ ہندوستان کبھی بھی ہندو ملک نہیں بنے گاچاہے کتنے ہی لوگوں کو کیوں نہ بھٹکایاجائے۔انہوں نے حیدرآباد میں پارٹی ہیڈکوارٹرس گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ملک کے عوام کو بھٹکانے کا کام مودی اور شاہ کررہے ہیں جبکہ ملک کو جوڑنے اور اس کے اتحاد کیلئے سابق وزرائے اعظم اندراگاندھی اور راجیو گاندھی نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ ملک کا ہر شہری ملک کے اتحاد کے لئے لڑائی لڑے گا۔ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے اور رہے گا تاہم اس ملک کو برباد کرنے کا کام کیاجارہا ہے۔کانگریسی رہنما نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کی معطل ترجمان نپورشرما کے ریمارکس سے ملک کے ہرمسلمان کی دل شکنی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں عرب ممالک میں ہندوستانی پراڈکٹس کا بائیکاٹ کرنے کا کام کیاجارہا ہے۔انہوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ ایسے بیانات سے عرب ممالک میں کام کرنے والے ہندوستانیوں کو واپس بھیجاجائے گا تو حکومت کیا کرے گی؟یہ کہتے ہوئے کہ ایک طرف آرایس ایس کے لیڈران کہتے ہیں کہ ہندو، مسلم ایک ہے تو دوسری طرف بی جے پی کے لیڈران من مانی باتیں کرتے ہیں،انہوں نے مساجد سے متعلق بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کے ریمارکس پر شدید اعتراض کیا۔انہوں نے کہاکہ 15لاکھ روپئے ہر شہری کو فراہم کرنے اور دو کروڑملازمتوں کی فراہمی کے وعدوں کا کیا ہوا؟

Related Articles