ہندوستانی بلے باز جمیما روڈرگس کا میلبورن رینیگیٹس کے ساتھ معاہدہ
میلبورن ، ستمبر ۔ ہندوستانی بلے باز جمیما روڈرگس نے اپنی پہلی ویمن بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) کے لیے معاہدہ کیا ہے۔ ڈبلیو بی بی ایل کے ساتویں سیزن کے لیےمعاہدہ کرنے والیں جیمیما اب پانچویں ہندوستانی کھلاڑی بن گئی ہیں، ان سے پہلے اسمرتی مندھانا اور دیپتی شرما سڈنی تھنڈرس کے ساتھ جڑی ہیں جبکہ سڈنی سکسرز نے شیفالی ورما اور رادھا یادو کواپنے ساتھ جوڑا ہے۔ تاہم کریک انفو کو یہ اطلاع ملی ہے کہ ابھی مزید دو ہندوستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی بات کو کلب نے عوامی نہیں کیا ہے۔ جمیما اس وقت آسٹریلیا میں ہی موجود ہیں، جہاں وہ اس ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں جو میزبانوں کے خلاف کثیر فارمیٹ سیریز کھیلنے گئی ہوئی ہے۔ اس سے قبل جمیما حال ہی میں انگلینڈ میں کھیلے گئے دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی خاتون کھلاڑی بنی تھیں۔ انہوں نے سات اننگز میں 150.90 کے اسٹرائیک ریٹ پر 249 رنز بنائے تھے۔ تاہم اس سے قبل انگلینڈ کے دورے پر گئی ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ان کا مظاہرہ اچھا نہیں تھا، جہاں انہوں نے دوون ڈے میں آٹھ اور چار رن بنائے تھے۔ ٹی 20 انٹرنیشنل میں انہیں باہرکردیا گیا تھا۔ جمیما آسٹریلیا کے دورے میں بھی ون ڈے لیگ میں نظر نہیں آئی تھیں ، ان کی جگہ استکا بھاٹیا کوموقع دیا گیا تھا۔