ہم لڑائی جاری رکھیں گے، ہم آگے جانے کا راستہ تلاش کرتے رہیں گے: بمراہ

ممبئی، اپریل۔ممبئی انڈینس نے آئی پی ایل 2014 کا آغاز لگاتار پانچ ہار کے ساتھ کیاتھا۔ اس کے باوجود وہ ناک آؤٹ تک میں پہنچی تھی۔ اس کے بعد ٹیم نے آئی پی ایل 2015 کا آغاز چار ہار کے ساتھ کیا اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اگر کوئی ٹیم خراب شروعات کوجھیلنے اورواپسی کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رہتی ہے، تو وہ ممبئی انڈینز ہی ہے۔ لیکن یہ سب تاریخ ہے اور جسپریت بمراہ موجودہ دن یعنی آئی پی ایل 2022 پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ ممبئی انڈینز لڑائی جاری رکھیں گے اور ساتھ ہی ساتھ آگے جانے کا راستہ بھی تلاش کرلیں گے۔ بمراہ نے منگل کو کہا، اب تک جو کچھ بھی ہوا ہے وہ ماضی ہے۔ تاریخ سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ یہ ایک مختلف ٹیم ، مختلف وقت، مختلف منظرنامے تھے۔ ابھی ہم حال میں رہ رہے ہیں۔ ہاں، چیزیں ہمارے لئے ابھی تک منصوبہ کے مطابق نہیں ہوئی ہیں، لیکن ہم لڑتے رہیں گے ہم راستہ تلاش کرتے رہیں گے، کرکٹ کا کھیل اسی طرح چلتا ہے، جب بھی کوئی چیلنج آتا ہے، توآپ اس چیلنج کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہی ہم ایسا ہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بمراہ قائدانہ گروپ کا حصہ ہیں اور ممبئی انڈینز کے بولنگ اٹیک کے لیڈر ہیں۔ اکثر وہ بہترین پرفارمنس کے ساتھ اٹیکنگ لائن کی قیادت کرتے ہیں اور بوقت ضرورت وہ دوسرے گیند بازوں کو بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ توایسا کرنے کے لیے وہ کیا کیا کرتے ہیں۔ منصوبہ بندی کرتے ہیں، حکمت عملی بناتے ہیں یا حوصلہ افزاباتیں کرتے ہیں؟ فاسٹ باؤلر نے کہا، اس مقام پر آپ کو کسی کوترغیب یا حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ہر کوئی کھیل سے لطف اندوز ہوتا ہے، اس لیے ہم کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ اس لیے حوصلہ افزائی کے کسی اور ذریعہ کی ضرورت نہیں ہے۔ ہاں، چیلنجز ہمیشہ دلچسپ ہوتے ہیں۔ جب بھی آپ کو کسی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو آپ خود کو آزمانا چاہتے ہیں۔ اس سال جب وکٹ بلے بازوں کی کی مددکررہی ہے اوروکٹ لینا مشکل ہوگیا ہے، توپھر آپ کو اپنے لئے راستے تلاش کرنے ہوں گے۔ ہم اس سے مختلف نہیں ہیں۔ ہم بھی نئے طریقے تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس بات پر کافی بحث ہوئی ہے کہ ہم اس موجودہ صورتحال پر کیسے اثر ڈال سکتے ہیں۔ اس کے لئے ہم کچھ منصوبے لے کر آئے ہیں۔ آئی پی ایل 2022 میں، ٹیموں نے عام طور پر تعاقب میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ ممبئی انڈینز کو اب تک صرف ایک بار ہدف کا تعاقب کرنے کا موقع ملا ہے۔ اپنے اگلے میچ میں ان کا مقابلہ پونے کے ایم سی اے اسٹیڈیم میں پنجاب کنگز سے ہوگا۔ بمراہ کوکیالگتا ہے کہ وہاں کامیابی کی کلید کیا ہوگی؟ بمراہ نے کہا، اگر یہ مجھ پر منحصر ہوتا، تو میں کہوں گا کہ ٹاس جیتو۔ یہ واقعی مدد کرتا ہے! لیکن ہاں، جب بھی آپ اس منظر نامے میں آتے ہیں، تونئی گیند سے تھوڑی ہی مدد ملتی ہے، اس لیے ایک اچھی لائن برقرار رکھناگیند کو آگے کی جانب سونگ کرنے کی کوشش کرنے سے مجھے لگتا ہے کہ فائدہ ہوگا۔ جیسے ہی آپ آگے بڑھتے ہیں، چاہے وہ پہلی اننگ ہو یا دوسری، وکٹ مستحکم ہوجاتی ہے۔ توایسے میں آپ کو اپنی ڈیتھ بولنگ تھوڑی جلدی شروع کرنی پڑسکتی ہے۔ یہ تمام پوائنٹرس دوسرے گیند بازوں کی بھی مدد کر سکتے ہیں، اس لیے ہم جلد از جلد اس پر بات کرنا چاہتے ہیں اور اسے اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ 2022 کی میگا نیلامی کا مطلب ہے کہ یہ ممبئی انڈینز ٹیم بالکل نئے روپ میں سامنے آئی ہے لیکن اسے پرانی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا گیا ہے۔ ٹیم کے نئے اراکین کو چند مزید مواقع فراہم کیے گئے ہیں، یہ ٹیم کے لیے ترقی کا ایک دلچسپ مرحلہ بھی ہے۔بمراہ نے کہا، دیکھئے، اس فارمیٹ میں آپ کوکبھی کبھی یہ سمجھنا ہوگا کہ مختلف وکٹوں پر مختلف منظرنامے پر الگ الگ میچ کھیلنے ہوتے ہیں۔ لہذاآپ انتخاب تمام ایسے حالات کے لئے جو سب سے موزوں مجموعہ ہوتا ہے، اسی کو آزمانے کی کوشش کرتے ہیں۔

Related Articles