ہماچل میں 12 نومبر کو اسمبلی انتخابات، ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی

نئی دہلی، اکتوبر۔ ہماچل پردیش قانون ساز اسمبلی کی 68 نشستوں کے لیے ایک مرحلے میں 12 نومبر کو انتخابات ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسمبلی انتخابات کا نوٹیفکیشن 17 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا اور اسی دن سے ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو جائے گا۔سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا کہ گجرات قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ہماچل پردیش کے ساتھ نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے امیدوار 25 اکتوبر تک پرچہ نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 27 اکتوبر کو ہوگی اور امیدوار 29 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش اسمبلی کی میعاد 8 جنوری کو ختم ہو رہی ہے اور اس سے پہلے اسمبلی کی تشکیل ہو جائے گی۔ اسمبلی میں 17 نشستیں درج فہرست ذاتوں اور تین درج فہرست قبائل کے لیے مخصوص ہیں۔مسٹر کمار نے کہا کہ کمیشن ووٹروں کو متاثر کرنے کے لیے پیسے یا مفت اشیاء تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کرے گا اور اس کے لیے ریاست میں شام 5 بجے سے اگلے دن صبح 10 بجے تک نقدی لانے لے جانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ساڑیوں اور مکسرز اور اس جیسی دیگر اشیاء کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ انتخابات کے دوران ریاستی سرحدیں سیل رہیں گی اور کمیشن نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے ہوائی اڈوں اور نجی فضائی پٹیوں پر بھی نظر رکھے گا۔

Related Articles