ہرک سنگھ اور ان کی بہو کانگریس میں شامل

دہرادون/نئی دہلی، جنوری۔ اتراکھنڈ کی سبکدوش ہونے والی حکومت میں کابینہ کے وزیر ہرک سنگھ راوت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ذریعہ چھ سال کے لیے پارٹی سے نکالے جانے کے پانچ دن بعد جمعہ کے روز بہو انوکریتی کے ساتھ کانگریس میں شامل ہو گئے۔ نئی دہلی کے رکاب گنج میں واقع کانگریس کے ورچوئل وار روم میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے دونوں کو پارٹی کی رکنیت دلائی۔ ان کے ساتھ ریاستی انچارج اویناش پانڈے، اپوزیشن لیڈر پریتم سنگھ اور ریاستی صدر گنیش گوڈیال بھی موجود تھے۔اس موقع پر مسٹر ہرک سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ پارٹی ہائی کمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے گلہری کی طرح کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں غیر مشروط طور پر کانگریس میں شامل ہوا ہوں۔ میں نے 20 سال کانگریس میں کام کیا ہے۔ اب میرا مقصد کانگریس کو دوبارہ اقتدار میں لانا ہے۔ میرا مقصد ریاست میں ترقی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں معافی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راوت نے مجھے دل سے معاف کر دیا ہے اور میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2016 کی بغاوت بدقسمتی تھی۔قابل ذکر ہے کہ سال 2016 میں ہرک سنگھ راوت نے اتراکھنڈ میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ ہریش راوت کی زیرقیادت حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تھی جس کی وجہ سے حکومت گر گئی تھی۔ بعد میں مسٹر ہرک اپنے دوست ایم ایل اے کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔

Related Articles